شیخ رشید کی دعا قبول حکومت کا ایاز صادق کو دوبارہ اسپیکر نہ بنانے کا فیصلہ

October 21, 2015 4:04 pm0 commentsViews: 38

ضمنی انتخابات میں ناقص کارکردگی پر فیصلہ کیا گیا ہے
پرویز ملک کو قومی اسمبلی کا نیا اسپیکر بنایا جائے گا
اسلام آباد( آن لائن) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ اسپیکر کے عہدے کیلئے سردار ایاز صادق کی بجائے پرویز ملک کو منتخب کرایا جائے۔ یہ فیصلہ سردار ایاز صادق کی ضمنی انتخابات میں ناقص کارکردگی کی بناء پر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکمران جماعت ایاز صادق کی بجائے پرویز ملک کو اسپیکر کے عہدے پر سامنے لا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے ن لیگ نے اپنی اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے ن لیگ نے یہ فیصلہ لاہور کے حلقہ این اے122 میں سردار ایاز صادق کی مسلم لیگی ورکروں سے دوری کی وجہ سے کیا ہے جس کے نتیجے میں پہلی مرتبہ لاہور میں حکمران جماعت انتہائی کم مارجن سے جیتی ہے۔ پرویز ملک کو اسپیکر بنانے کا فیصلہ حمزہ شہباز، شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پرویز ملک اندرون شہر لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ان کے بڑے بھائی سابق اٹارنی جنرل ملک عبدالقیوم ہیں جنہوں نے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف متنازعہ فیصلہ بھی سنایا تھا۔ پرویز ملک کی ایک بہن پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکی ہے۔

Tags: