آج صبح قصبہ کالونی میں آپریشن، سیاسی جماعت کے10 کارکن گرفتار

October 21, 2015 4:19 pm0 commentsViews: 21

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے قصبہ کالونی اور مسلم کالونی میں داخلی اور خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی لی
ملزمان کے ٹھکانوں کی تلاش کے بعد10 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے قصبہ کالونی میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن سیاسی جماعت کے10 کارکنان زیر حراست‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح اورنگی ٹائون کے علاقے قصبہ کالونی اور مسلم کالونی میں رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا اور کسی بھی شخص کو علاقے سے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی‘ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو سیل کیا ہوا تھا‘ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی اور ملزمان کے ٹھکانوں کی تلاشی کے بعد 6مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم پر منتقل کردیا ‘پولیس ذرائع نے بتایاکہ زیر حراست افراد میں سیاسی جماعت کے کارکن شامل ہیں اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

رینجرز کے مختلف علاقوں میں چھاپے‘
بھتہ خوروں سمیت 7 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے مواچھ گوٹھ ، بوہرہ پیراور گلشن سکندر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ترجمان رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد میں بھتہ خور بھی شامل ہیں ، ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے تابڑ توڑ چھاپے
63 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ ‘منشیات برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 76 چھاپہ مار کارروائیوں اور1مقابلے کے بعد 63 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،دستی بم اور منشیات برآمد کرلیا ہے۔کراچی پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے تینوں زونز کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران79چھاپہ مارکارروائیوں اور1مقابلے کے بعد 63ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 8پستول ،3دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات برآمدکرلیا ہے ،کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت 2ملزمان ،1بھتہ خور،غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7ملزمان ،منشیات رکھنے کے الزام میں11ملزمان ،6مفرور و دیگر شامل ہیں۔

نجرز کا شیریں جناح کالونی
میں سرچ آپریشن‘20
ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منگل کی صبح شیریں جناح کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا ۔ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، آپریشن محرم الحرام کے دوران دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر انٹیلی جینس اطلاعات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے ، آپریشن میں رینجرز کے کمانڈوز سمیت 500 اہلکاروں نے حصہ لیا۔

زمان ٹائون سے ڈاکو
گرفتار‘ ساتھی فرار‘ اسلحہ برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر)زمان ٹائون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ،قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈکیت زاہد عرف قصائی کو گرفتار کرلیا،جبکہ کامران فرار ہوگیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس پی لانڈھی افنان امین نے بتایا ملزم نے چکرا گوٹھ ،زمان ٹائون و دیگر علاقوں میں لوٹ مارکا انکشاف کیا ہے۔

بینک ڈکیتی کے ملزمان گرفتار، لوٹی ہوئی رقم برآمد
ملزمان نے18 اگست کو گلشن اقبال میں سنہری بینک لوٹا تھا، ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے
گرفتار ی فیڈرل بی ایریا سے عمل میں آئی، چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں، عرفان بہادر کی پریس کانفرنس
کراچی(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل عرفان بہادر نے اپنے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ڈی آئی جی سی آئی اے کی ہدایت پر فیڈرل بی ایریا بلاک 15 نزد سن اکیڈمی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان محمد سلیم ،محمد طارق، محمد فیضان عرف قاسم اور عبدالجواد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک چھینی ہوئی ایم پی فائیو رائفل ایک نائن ایم ایم پستول ، دو عدد تیس بور ٹی ٹی پستول اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل KDQ-1485 تیموریہ تھانے سے چھینی گئی ، موٹر سائیکل نمبر KBE-1870 لیاقت آباد، KBT-2413 تھانہ پاپوش سے چھینی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کرلی، گرفتار ملزمان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 18 اگست کو گلشن اقبال بلاک 13D میں سنہری بینک میں ڈکیتی کی تھی جس میں سیکورٹی گارڈ سے دوران ڈکیتی ایم پی فائیو رائفل چھینی اور مزاحمت کرنے پر سیکورٹی گارڈ ظفر اقبال کو زخمی کیا تھا گرفتار ملزمان کے قبضے سے بینک سے لوٹی ہوئی رقم مبلغ پندرہ لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مغوی بازیاب:اغواء میں ملوث چوکی انچارج اور سپاہی سمیت 5ملزمان گرفتار
ملزمان نے مغوی کی رہائی کے لیے پانچ لاکھ روپے تاوان مانگا تھا، رقم لینے کے لیے آنے والے 2اغواء کارشبیرآباد سے گرفتار
اغواء کاروں کی نشاندہی پر ان کے دیگر تین ساتھیوں کو گرفتار کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا گیا، عابدآباد پولیس چوکی کا انچارج بھی شامل ہے
کراچی(کرائم رپورٹر) اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے عملے نے مغوی کو بازیاب کر کے اغواء میں ملوث عابدآباد چوکی انچارج اور سپاہی سمیت 5 اغواء کاروں کو گرفتارکرکے مغوی کو بازیاب کرلیا،مغوی کی رہائی کیلئے 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ طورپر ڈرامائی انداز میں تاوان کی رقم دینے کیلئے اغواء کاروں کو رشید آباد شیل پمپ کے پاس بلایا،ڈی ایس پی اے وی سی سی راجہ امجد کے مطابق تاوان کی رقم لینے کیلئے آنے والے دواغواء کاروںکو موقع سے پکڑ کر ان کی نشاندہی پر ان کے دیگر تین ساتھیوں کو گرفتارکرکے مغوی محمد یوسف کو باحفاظت بازیاب کرالیا،گرفتار اغواء کاروں میں عابد آبادپولیس چوکی انچارج اے ایس آئی اسلم، اسی چوکی کا سپاہی نعیم اور تین پرائیوٹ لوگ قمر، وزیر اور طاہر شامل ہیں،اغواء کاروں نے مغوی کو کورنگی اللہ والا ٹائون کے قریب سے گزشتہ جمعے کے روز اغواء کیا تھا اور اس کی رہائی کیلئے 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیاتھا،تاہم پولیس نے گرفتار اغواء کاروں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ادارے کو نقصان پہنچانے کے الزام میںPSO کے جنرل منیجر گرفتار
نوید عالم پر اپنی ملازمت کے دور میں ایک کمپنی کو62 لاکھ روپے کا فائدہ پہنچانے کا الزام ہے
ٹھیکوں میں رشوت وصول کی گئی، اعلیٰ حکام کو بھی لاکھوں روپے منتقل کئے، تفتیش کی جارہی ہے
کراچی (کرائم رپورٹر ) ایف آئی اے نے پی ایس او کے ذیلی ادارے ایشیا پٹرولیم لمیٹڈ کے پی ایس او کے جنرل منیجر کو گرفتار کر لیا ، ملزم پر ایک کمپنی کو62 لاکھ روپے پر مبنی فوائد پہنچانے کاالزام ہے۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے پی ایس او کے جنرل منیجر اور ایشیا پٹرولیم کمپنی کے سابق ایم ڈی نوید عالم زبیری کوگرفتار کیا گیاہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمہ نمبر18/2015 کے ذریعے ملزم کے ساتھ ایشیا پٹرولیم کے چیف فنانشل افسر محمد علی بیگ اور میسرز ناصرنامی کمپنی کے ناصر منیر احمد نامی مالک کے علاوہ میسرز آئل فیلڈز نامی کمپنی کے محمد رفیق اسماعیل گوڈیل سمیت دیگر کے نام بطور ملزمان شامل کئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے میں قائم مقدمے کے مطابق ملزم کی ڈیپوٹیشن پر جون2002سے ستمبر2009 کی مدت میں اس نے بطور ایم ڈی ایشیا پیٹرولیم لمیٹڈ میں میسرز ناصر اینڈ کمپنی کو دو مختلف ٹھیکوں میں62 لاکھ روپے کی خلاف قوانین ادائیگیوں کے لئے بلز پر دستخط کئے۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں ٹھیکوں میں نوید عالم زبیری اور محمد علی بیگ نے لاکھوں روپے بطور رشوت وصول کئے اور اعلیٰ حکام کو بھی لاکھوں روپے منتقل کئے۔ذرائع کے مطابق ایشیاء پیٹرولیم میں خوردبرد کرنے کے بعد نویدعالم زبیری کو نوازنے کے لئے پی ایس او میں جنرل منیجر تعینات کیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اس ضمن میں مزید کارروائی جاری ہے۔

بسوں کو لوٹنے والے2 ڈاکوئوں سمیت 6 ملزمان گرفتار
پرانا گولیمار سے گرفتار ہونے والے رضوان اور مظہر نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والوں کو لوٹنے کا بھی اعتراف کر لیا، اسلحہ برآمد
بلال کالونی سے دو ملزمان پکڑے گئے، دو ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد، سپاری والا کمپائونڈ سے گینگ وار ملزم پکڑا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)اسپیشل انویسٹی گیشن ، بلال کالونی ، نبی بخش اور الفلاح پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے گینگ وار کے ملزم سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی، تفصیلات کے مطابق پولیس نے پرانا گولیمار بڑا بورڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان رضوان ملک اور مظہر حسین کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان سمن آباد ، حسین آباد سپر مارکیٹ اور شہر کے مختلف علاقوں میں بینک سے نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے کے علاوہ بسوں میں لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔بلال کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد دو ملزمان اختر اور عامر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور تیموریہ کے علاقے سے چھیننی گئی موٹر سائیکل نمبر KGE-2941 برآمد کرلی، ؎نبی بخش پولیس نے سپاری والا کمپائونڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں بابا لاڈلہ گروپ کے کارندے عمار سمیع کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، الفلاح پولیس نے ملزم رفیق کو گرفتارکرلیا۔

ہجرت کالونی سے گینگ وار کمانڈر
دو ساتھیوںسمیت گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)حساس ادارے کے اہلکاروں نے گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہجرت کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے وصی اللہ لاکھو گروپ کے کمانڈر ایاز زہری سمیت تین دہشتگردوںکو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، گرفتار ملزمان اغواء برائے تاوان ، بھتہ خوری اور اقدام قتل کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔

Tags: