سندھ اسمبلی کے ماتحت احتساب کمیشن بنانا چاہتے ہیں سکندر میندھرو

October 21, 2015 4:21 pm0 commentsViews: 23

پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد سندھ احتساب کمیشن بل تیار کرکے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا ہے کہ ہم ایک ایسا صوبائی احتساب کمیشن قائم کرنا چاہتے ہیں جو حکومت کے بجائے سندھ اسمبلی کے ماتحت ہو‘ حکومت حزب اختلاف اور اسمبلی میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد سندھ احتساب کمیشن بل تیار کرکے اسمبلی میںپیش کیا جائیگا‘ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پر بھی الزامات لگتے ہیں کیوں کہ وہ بھی حکومت سندھ کے ماتحت ہے لیکن ہم ایک ایسا احتساب کمیشن تشکیل چاہتے ہیں جو کہ ہر تین ماہ بعد سندھ اسمبلی کے سامنے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرے اور تمام الزامات سے بالا تر ہو کر شفاف اور غیر جانبدار ہو کر کام کرے‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی شخص کو محض الزامات یا ابتدائی رپورٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا جائے بلکہ اس ابتدائی معلومات کی بنیاد پر انکوائری اور بعد میں تحقیقات ہو جس کے دوران ملزم کے موقف کو باقاعدہ سنا جائے اور اگر دوران تحقیقات اس پر الزامات ثابت ہوں تو فوری طورپر24 گھنٹے کے اندر اندر مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے معزز عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

Tags: