PIB کالونی میں گھر سے خاتون کی لاش ملی، ملازمین سامان لوٹ کر فرار ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

October 21, 2015 4:23 pm0 commentsViews: 85

مقتولہ بیوہ تھی اور اپنے والد اور دو بچوں کے ساتھ گھر میں رہتی تھی دو میاں بیوی ملازم تھے
ضعیف والد نے لاش دیکھی، گھر میں کام کرنے والے میاں بیوی نقدی ، زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے
کراچی (کرائم رپورٹر)پی آئی بی کالونی میں گھر سے بیوہ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ، گھریلو ملازم سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ، شاہ فیصل کالونی ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا،تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی کے علاقے پیر الہی بخش کالونی قادری مسجد کے قریب مکان نمبر 2286 سے تشدد زدہ 40 سالہ صدف اختر زوجہ عمران مرحوم کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں ایس ایچ او سید ظفر علی شاہ کا کہناہے کہ مقتولہ کے شوہر عمران کا کئی سال پہلے انتقال ہوگیا تھا ، وہ اپنے والداور دو بچیوں کے ساتھ گھر میں رہائش پذیر تھی ، مقتولہ کے گھر میں نفیسہ اور اسکا شوہر ندیم ملازمت کرتے تھے وہ واقعہ کے وقت سے لاپتہ ہیں ، واردات کے وقت مقتولہ صدف اختراور بچے گھر میں نہیں تھے، والد سو رہے تھے، ضعیف والد کسی کام سے گھر کے گرائونڈ فلور پر آئے تو لاش دیکھی، گھریلو ملازمین ندیم اور اسکی اہلیہ نفیسہ گھر سے زیورات اور نقدی سمیت اپنی شناخت کے دستاویزات بھی لے گئے ہیں، ملزمان نے مقتولہ کے سر پر کسی کند آلے سے وار کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی،پولیس قتل میں ملوث گھریلوں ملازمین کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے۔

بلدیہ میں ضعیف العمر شخص
سیڑھیوں سے گر کر چل بسا
کراچی(کرائم رپورٹر)بلدیہ ٹائون میں گھر کی سیڑھیاں گرنے سے ضعیف العمر شخص ہلاک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹائون کے علاقے بلدیہ قائمخانی کالونی میں رہائش پذیر 55 سالہ ہاشم ولد اسماعیل گھر کی سیڑھیاں اترنے کے دوران گر کر ہلاک ہوگیا۔

اورنگی ٹائون میں مکان سے
6روز پرانی لاش برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹاؤن مین مکان سے ایک شخص کی6روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازارکے علاقے اورنگی ٹائون مہاجر چوک کے ایک مکان سے45سالہ اسلم کی 6 روز پرانی لاش ملی ،جسے پولیس نے اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق متوفی فروٹ فروش اور گھر میں اکیلا ہی رہتا تھا رہائش پذیر تھا،تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ایدھی سرد خانے منتقل کردی ہے، فوری طور پر وجہ موت بھی سامنے نہیں آسکی۔

 

Tags: