اسکول فیسوں میں اضافے پر والدین کی تشویش دور کی جائے، گورنر سندھ

October 21, 2015 4:30 pm0 commentsViews: 18

رجسٹریشن کے وقت اسکولوں میں سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، اجلاس سے خطاب
کراچی(سٹی رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبے میں نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کے معاملے پرگورنر ہائوس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ۔ اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو ، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید ، ایڈیشنل سیکریٹری قانون اورڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے گورنر سندھ کو نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے اور والدین کی تشویش سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ فیسوں میں اضافے پر والدین کی تشویش کو دور کیا جائے اور انھیںاعتماد میں لیکرفیسوں کو مناسب سطح پر رکھا جائے صوبے بھر کے تمام اسکولوں میں دستیاب سہولیات کا اندراج بھی کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،اسکولوں کی درجہ بندی اور معیار تعلیم و سہولیات کی فراہمی کو مدنظر رکھ کر فیسوں کا تعین کیا جائے اس ضمن میںوالدین کی سفارشات کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔گورنر سندھ نے زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسکولوں کی رجسٹریشن کے وقت اسکول کی سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات خاص طور پر سرویلنس سسٹم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں ایسے افراد موجود ہیں جو رضا کارانہ طور پر تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں ان کو اور میڈیاکو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے ، اسکولوں کی رجسٹریشن کے وقت سیکورٹی آڈٹ ضرور کیا جائے اور تمام اسکولوں کو اندرونی خدمات کے نظام کو بہتر بنانے کا پابند بھی کیا جائے ۔

Tags: