شمالی علاقوں میں ، بارش اور برفباری، پھنسے سیاحوں کو نکال لیا گیا

October 26, 2015 4:40 pm0 commentsViews: 64

بلوچستان سمیت کئی علاقوں میں بارش اور برفباری سے 11افراد ہلاک،باپوسرٹاپ برفباری کے باعث بند، امدادی کارروائیاں جاری
برفباری کا 40سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بیشتر سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی، کام جاری ہے، ڈی پی او مانسہرہ
لاہور/ ناران/ کوئٹہ / پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات پر شدید بارش، برف باری سے لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے11 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور برف باری کے باعث سیاحتی مقامات پر سینکڑوں گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے تھے جن کو آج صبح نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔ چلاس میں بابو سر ٹاپ پر پانچ فٹ برف باری کے بعد شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ناران کے قریب مزدوروں کے کیمپ پر برفانی تودہ گرنے سے 10مزدور دب گئے، ایک کی لاش اور باقی تمام افراد کو نکال لیا گیا اتوار کو لاہور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید برف باری ہوئی جس سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نجیب الرحمن نے بتایا کہ ناران و کاغان میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بٹل اور بیشتر سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کے جوان بھی شریک ہیں اور بھاری مشینری کے زریعے برف ہٹائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برف باری سے اس سے قبل کی برف باری کا40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ ضلع نیلم اور ہٹیاں بالا سے ملانے والی شاہرائیں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے وادی نیلم ور لیہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں چمن، پشین، لورالائی، زیارت، ہرنائی میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برف باری کا یہ سلسلہ آئندہ48 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ادھر بلوچستان کے ہرنائی کے علاقے وام تنگی میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے3 بچے جان بحق جبکہ 3افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ بلوچستان ہی کے ضلع لورالائی کی تحصیل دکی میں بھی آسمانی بجلی نے2افراد کی جان لے لی جبکہ بی آر کالونی میں بھی ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے ا پنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ کوہاٹ کے قریب شاہو خیل میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے5 سپاہی زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈیرہ غازہ خان کے نواحی علاقہ پائیگاں میں بھی موٹر سائیکل پر آسمانی بجلی گرنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہوگیا۔ سیالکوٹ کے موضع ملکے کلاں میں کچے مکان کی چھت گرنے سے36 سالہ خاتون ڈیڑھ سالہ بیٹی سمیت جاں بحق ہوگئی۔ امدادی کارروائیوں کے بعد خاتون کوثر بی بی اور اس کی ڈیڑھ سالہ بیٹی گڑیا کی لاش نکال لی گئی جبکہ8 سالہ بیٹی صائمہ کو شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔ لکی مروت میں موسلا دھار بارش نے درجنوں مکانات کو منہدم کر دئیے جس کے بعد متاثرہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے کئی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی سے سڑکیں بہہ گئیں اور بعض علاقوں کا دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہوگیا، موسم کی خرابی کے باعث گلگت، اسکردو اور چترال جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ناران میں 50 غیر ملکی پھنسے
ہوئے ہیں ، نجی ٹی وی
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے نے ناران کا غان شاہراہ سے برف ہٹا دی۔ تاہم50 غیر ملکی اب بھی ناران میں پھنسے ہوئے ہیں جن کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاہم اب بھی گاڑیاں اس راستے پر کھڑی ہیں۔

ناران میں پھنسے کراچی کے خاندان پر ریچھ کا حملہ
ندیم فریدی کا خاندان گاڑی میں ہونے کے باعث حملے سے محفوظ رہا، فوری نکالنے کیلئے مدد کی اپیل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ناران میں پھنسے سیاحوں کی جان کو لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ ساتھ خونخوار جانوروں سے بھی خطرہ درپیش ہے‘ ناران میں شدید برفباری کے باعث پھنسے سیاحوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں لیکن حکومتی امدادی ٹیم اب تک نہیں پہنچ سکی۔ کراچی کے رہائشی ندیم فریدی سے رابطہ ہونے پر بتایا کہ اس کی فیملی کے60 افراد یہاں تفریح کیلئے آئے ہیں‘ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں‘ انہیں خونخوار جانوروں سے بھی شدید خطرہ ہے۔ ندیم فریدی نے بتایا کہ ان کی وین پر ایک خونخوار ریچھ نے حملہ کیا تاہم گاڑی کے اندر ہونے کی وجہ سے ہم محفوظ رہے‘ انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی کے علاقہ لیاقت آباد کے رہائشی ہیں اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری فوری مدد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

Tags: