آج صبح امین فہیم کی ایئر ایمبولینس میں وطن واپسی، حالت تشویشناک

October 26, 2015 4:39 pm0 commentsViews: 37

پی پی کے رہنما کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں، نجی ٹی وی، تشویش کی کوئی بات نہیں، فرحت اللہ بابر
امین فہیم اپنی فیملی اور دوستوں سے ملنے کیلئے آئے ہیں، پی پی میڈیا سیل سندھ
دبئی/ اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم کی حالت بگڑ گئی۔ خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے دبئی سے روانہ ہوگئے۔ آج صبح کراچی پہنچ گئے ہیں پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جمیل الزماں کو فون کرکے والد کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کی حالت بگڑنے پر انہیں پاکستان لایا جا رہا ہے مخدوم امین فہیم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کا لندن سے علاج کرایا جا رہا ہے امین فہیم کے علاج کے4 مراحل مکمل ہوچکے ہیں جبکہ2 مراحل ابھی باقی ہیں ، ڈاکٹر نے امین فہیم کو مزید علاج کیلئے توانائی بحال کرنے کیلئے آرام کا مشورہ دیا تھا۔ آرام کی غرض سے امین فہیم دبئی میں مقیم ہیں تاہم وہاں امین فہیم کی حالت بگڑنے پر انہیں پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے اس حوالے سے فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ امین فہیم کی طبیعت نا ساز ہے اور وہ بہت کمزور ہو چکے ہیں مگر تشویش کی کوئی بات نہیں۔ امین فہیم کو وقتی طور پر پاکستان لایا جا رہا ہے وہ پاکستان میں ایک ہفتہ قیام کریں گے جس کے بعد مزید علاج کیلئے لندن روانہ ہوجائیں گے۔ مخدوم امین فہیم کے ترجمان اسلم پیر زادہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم امین فہیم کو ان کی خواہش پر کچھ دن کیلئے پاکستان لایا جا رہا ہے علاوہ ازیں پارٹی میڈیا سیل سندھ نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کی صحت کے بارے میں کچھ ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔ میڈیا سیل کے مطابق ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے بلکہ سنبھل رہی ہے وہ چند ہفتوں کے لئے اپنی فیملی اور اپنے لوگوں کے پاس آنے کا پروگرام بنارہے ہیں۔

Tags: