شیوسینا نے پاکستانی فنکاروں کے اسٹیج ڈرامے پر دھاوا بول دیا،سنگین نتائج کی دھمکیاں

October 26, 2015 4:40 pm0 commentsViews: 50

نئی دہلی میں اسٹیج ڈرامے کے دوران شیو سینا کے غنڈوں کی نعرے بازی، منتظمین اور سیکورٹی عملے نے شرپسندوں کو باہر نکال دیا
بھارت نے پاکستانی مصنفہ کو ویزا دینے سے بھی انکار کردیا، بھارت میں خوف کی ایسی فضا پہلے کبھی نہیں دیکھے، بھارتی شاعر گلزار کا ردعمل
نئی دہلی( خبر ایجنسیاں) ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے اسٹیج ڈرامے پر دھاوا بول دیا۔ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ہفتے کی شب کو گڑ گائوں میں پاکستانی تھیٹر ماس فائونڈیشن کی جانب سے کھیل بانجھ پیش کیا گیا تھا، تھیٹر گروپ کے چیف ایگزیکٹو عامر نواز نے بتایا کہ پر فارمنس کے دوران ہال میں موجود چند افراد نے اچانک اٹھ کر پاکستان مخالف نعرے بازی شروع کر دی اور انہوں نے کھیل کو روکنے کی کوشش کی، اس دوران کھیل روکنا پڑا تاہم انتظامیہ اور سیکورٹی عملے نے انہیں وہاں سے نکال دیا۔ کھیل بانجھ پاکستان اور بھارت سے متعلق ہے جس میں یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ دونوں ملک خطے میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق بھی پاکستانی فنکار تھیٹر پر پرفارم کر رہے تھے جب شیو سینا سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھیل روکنے کی کوشش کی۔ شیو سینا کے کارکنوں نے فنکاروں کی پر فارمنس کے دوران پاکستان مخالف نعرے بھی لگائے اور پاکستانی پرچم اتار دیا۔ دوسری طرف ایک دفعہ پھر بھارت نے اپنی نفرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی مصنفہ کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔ مصنفہ کنزہ جاوید نے بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں ایک فیسٹیول میں شرکت کرنا تھی۔ ادھر بالی ووڈ فلمسٹار، شاعر اور مصنف گلزار نے بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوارڈز کی واپسی ہی احتجاج کا بہترین طریقہ ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گلزار نے کہا کہ بھارت میں بے یقینی اور خوف کی ایسی صورتحال اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ آج کل نام پوچھنے سے پہلے مذہب پوچھا جاتا ہے۔ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ایسا ہوگا۔ دریں اثناء نئی دہلی کے گڑ گائوں میں پاکستانی فنکاروں سے بد تمیزی کرنے والے شیو سینا کے 4 غنڈوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ادھر انتہا پسندوں نے بھارتی مصنفہ چتینہ تھرتھا بالی کو مسلمان کی بنائی گئی ویب سائٹ کیلئے لکھنے پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دے دی ہے۔

شیو سینا کے خلاف بھارتی حکومتی
عہدیدار بھی میدان میں آگئے
نئی دہلی( صباح نیوز) انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی غنڈہ گردی اور مسلمانوں کے خلاف تعصبانہ رویے کے خلاف نہ صرف بھارتی شہری اور ادیب میدان میںآگئے ہیں بلکہ اہم حکومتی عہدوں پر فائز سابق اہلکاروں نے بھی چپ کا روزہ توڑ دیا ہے۔ سابق بھارتی نیول چیف ایڈمرل ایل رام داس کا کہنا ہے کہ شیو سینا جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ کر رہی ہے اس سے ان کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

Tags: