دوسرا کرکٹ ٹیسٹ، پاکستان کی فتح کے امکانات روشن ہو گئے

October 26, 2015 5:12 pm0 commentsViews: 35

میچ دلچسپ مرحلے میں داخل، انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے361 رنز جبکہ پاکستان کو7 وکٹیں درکار
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز354 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے انگلینڈ کو491 رنز کا ہدف دیا
دبئی( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پانچویں اور آخری روز انگلش ٹیم کو جیت کیلئے361 رنز جبکہ پاکستان کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 354 رنز6 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر کے انگلینڈ کو جیت کیلئے491 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر130 رنز بنا لئے۔ گزشتہ روز دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز 222 رنز 3کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان مصباح الحق 87رنز اور یونس خان 71 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ مصباح الحق گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر یونس خان اور اسد شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 113رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 337 تک پہنچا دیا۔ یونس خان نے کیریئر کی 31 ویں سنچری مکمل کی اور118 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کے کپتان مصباح نے 354 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ انگلینڈ نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر130 رنز بنا لئے اور اسے جیت کیلئے مزید 361 رنز درکار ہیں، انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی دو وکٹیں 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔ معین علی ایک رنز، کپتان ایلیسٹر کک10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر این بیل اور جو روٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا دیا این بیل46 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے اس کے بعد جو روٹ اور جونی بیئر سٹو نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، روٹ 59 اور بیئر سٹو6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

Tags: