عوامی نیشنل پارٹی نے کراچی میں عوامی رابطہ مہم کا اعلان کر دیا

October 26, 2015 5:23 pm0 commentsViews: 35

شہر بھر میں جلسے کریں گے ٹوٹے ہوئے رابطوں کو بحال کیا جائے گا، شاہی سید
کراچی آپریشن نے شہریوں کو آکسیجن دی ہے، مشکل حالات کے باوجود میدان نہیں چھوڑا
شہر میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں، بلدیاتی امیدواروں کے کنونشن سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کسی ایک قوت کو مسلط کرنا کسی طور پر شہر کے مفاد میں نہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی شہر بھر میں جلسے کرے گی اور ٹوٹے ہوئے رابطوں کو بحال کریں گے۔ کراچی آپریشن نے شہریوں کو سکون کی آکسیجن دی ہے۔ سخت ترین حالات کے باوجود میدان نہیں چھوڑا، پارٹی رہنما عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ ہمیں بھی شہر میں لیول پلیٹنگ فیلڈ دی جائے اور شہر میں بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مردان ہائوس میں منعقدہ بلدیاتی امیدواروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری، نائب صدر حاجی اورنگزیب بونیری، حمید اللہ خٹک، رانا گل آفریدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شاہی سید نے کہا کہ پارٹی کے شہداء کی تصاویر کے بینرز ہی ہم پر تنقید کرنے والوں کا جواب ہے۔ کراچی کے ہر مسلک اور ہر زبان بولنے والوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے صدیوں پرانے لالٹین پر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ایم کیو ایم کے علاوہ تمام جماعتوں سے علاقائی سطح پر اتحاد کیا ہے۔

Tags: