گورنر ہائوس کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا نیو کراچی سے گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 26, 2015 5:32 pm0 commentsViews: 34

دھمکی آمیز فون کال بھارت سے نہیں کراچی سے کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے کی گئی تھی
پولیس نے ملزم کے قبضے سے کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ اور دوسرا سامان بھی برآمد کر لیا،پوچھ گچھ کی جارہی ہے
کراچی( کرائم ڈیسک) حساس اداروں اور کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے گورنر ہائوس کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی‘ اس حوالے سے پولیس افسران نے گورنر ہائوس کے عملے سے ملاقات بھی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق9 محرم الحرام کی شب نامعلوم شخص نے گورنر ہائوس میں فون کرکے اسے بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی جس کے بعدقانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے تھے‘ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا تھا کہ مذکورہ کال بھارت سے کی گئی ‘لیکن جب تفتیش کا عمل شروع ہوا تو معلوم ہوا کہ گورنر ہائوس میں دھمکی آمیز فون کراچی سے کیا گیا‘ دھمکی دینے والے شخص نے کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے فون کیا تھا‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آئی ٹی ماہرین کی مدد حاصل کی اس کے بعد معلوم ہوا ہے کہ یہ کال کمپیوٹر سافٹ ویئر کی کسی ایپلی کیشن کے ذریعے کی گئی‘ نیو کراچی کے مقام پر چھاپے کے ذریعے شخص ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر کمپیوٹر‘ لیپ ٹاپ‘ موبائل فون کی مختلف نیٹ ورک کی سمیں و دیگر سامان قبضے میں لے لیا اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ ایس ایچ او آرٹلری میدان ارشد جنجوعہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گورنر ہائوس میں دھمکی آمیز فون کے حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

کراچی جانے والی وین پر چھاپہ
21 افغان باشندے گرفتار
سکھر( یو پی پی) رینجرز نے کموں شہید کے قریب کراچی جانے والی وین سے21 سے زائد افغان باشندے گرفتار کرلیے ایف آئی اے کے حوالے، ایف آئی اے نے جیل بھیج دیا۔ گرفتار شدگان میں بچے اور خواتین بھی شامل، تفصیلات کے مطابق کموں شہید کے قریب سندھ پنجاب بارڈرز پر رینجرز نے آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران کراچی کی طرف جانے والی ایک وین سے21 افغانی باشندوں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں بعد ازاں ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا۔ ایف آئی اے نے گرفتار شدگان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے بعد ان کے حکم پر جیل بھیج دیا۔ تمام گرفتار شدگان کے پاس پاکستان میں رہنے کے کسی قسم کے کاغذات موجود نہیں تھے۔

کورنگی‘ جوئے کے اڈے
پر چھاپہ‘5جواری گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر جوا کھیلنے والے داود ،منیر ،عثمان اور منٹھار سمیت5افراد کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے دا ئوپر لگی رقم اور آلات قمار بازی برآمد کرلی ۔ملیر کینٹ پولیس نے سعدی ٹان میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم حاکم علی کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں ۔

چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن،8 ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد
گرفتار شدگان میں لیاری گینگ وار، کالعدم اور سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے6 مشتبہ افراد بھی شامل ہیں
اسٹیل ٹائون، گلشن حدید، صفورا گوٹھ، ابوالحسن اصفہانی اور لیاری سنگھو لین ، پیرآباد میں مشترکہ کارروائیاں کی گئیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 8ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و دیگر سامان برآمدکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز انٹیلی جنس نے اسٹیل ٹائون گلشن حدیدفیز2،صفورا گوٹھ، علی ٹائون ،ابوالحسن اصفہانی اور لیار ی سنگھولین میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران لیاری گینگ وار ،کالعدم اور سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے6مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمدکرلیا جبکہ تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،مذکورہ کارروائیوں کے حوالے سے رینجرز ترجمان نے لا علمی ظاہر کردی۔پیرآباد پولیس نے کٹی پہاڑی کے قریب چھاپہ مار کر منشیات فروش محمد عثمان علی کو گرفتارکرکے چرس برآمد کرلی ۔ملیر کینٹ پولیس نے سعدی ٹائون میں چھاپہ مارکر شراب سپلائی کرنے والے ملزم علی عزیز کو گرفتار کرکے 20بوتل شراب کی برآمدکرلی ۔

28 چھاپوں اور مقابلوں
میں20 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے تینوں زونز کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران28چھاپے مار کارروائیوں اورمقابلوں کے بعد20ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے ایک پستول اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیا ہے ،کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں ایک ،ایک منشیات فروش، مفرور واشتہاری جبکہ دیگر جرائم میں ملوث 18 ملزمان بھی شامل ہیں ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

کراچی آپریشن میں بڑی کامیابی حساس اداروں نے کالعدم جماعتوں کے10 دہشت گرد گرفتار کرلیے
گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ، کالعدم لشکر جھنگوی اور جنداللہ سے بتایا جاتا ہے
پولیس پر حملوں میں ملوث دہشت گردارشاد اللہ بھی گرفتار،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا
کراچی( کرائم رپورٹر) حساس اداروں کو کراچی آپریشن میں بڑی کامیابی‘ کالعدم جماعتوں کے10 دہشت گرد گرفتار‘ تفصیلات کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں کو کراچی آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے‘ شہر بھر میں چھاپوں کے دوران10اہم مبینہ دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے‘ مذکورہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ‘ کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم جند اللہ سے ہے‘ باخبر ذرائع نے مزید بتایاکہ پولیس پر حملے میں ملوث ملزم ارشاد اللہ بھی گرفتار دہشت گردوں میں شامل ہے‘ ملزم ارشاد اللہ کا مبینہ تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گرو پ سے ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد واداتوں میںمطلوب ہیں‘ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت شہر میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنارہے تھے‘ جبکہ ماضی میں بھی دہشت گرد حملوںمیں ملوث رہے ہیں‘ حساس ادارے ان گرفتاریوں کو کراچی آپریشن کے دوران اپنی بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

 

Tags: