یوم عاشور پر سرجانی میں کامیاب کارروائی تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام‘ 4 دہشتگرد گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 27, 2015 2:02 pm0 commentsViews: 21

چاروں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے‘ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور بڑی مقدار میں نٹ بولٹس برآمد کرلئے گئے
محرم الحرام میں بہترین سیکورٹی فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکاروں میں نقد انعام اور تعریفی اسناد کی تقسیم کے موقع پر ایس ایس پی ویسٹ کی میڈیا سے گفتگو
کراچی (کرائم رپورٹر)سرجانی ٹائون پولیس نے عاشورہ کے روز کالعدم تنظیم کے چار دہشتگردوں کو گرفتار کیا ،پولیس کا دعویٰ ہے کہ دہشتگردوں نے عاشورہ میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنایا تھا ۔یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے محرم الحرام کی بہترین سیکیورٹی دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی سند تقسیم کرنے کی منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران بتائی،ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے ایام کے دوران امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کرنے اور عمدہ کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی دیگر ایام میں بھی پولیس اس طرح محنت اور تندہی سے اپنی کارکردگی جاری رکھیں گے اور مستقبل میں بھی اسی طرح کارکردگی کو سراہنے کے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہینگے انہوں نے کہا کہ سرجانی پولیس نے عاشورہ پر اہم کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے چار دہشتگردوں کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور بڑی مقدار میں نٹ بولٹس برآمد کیے ملزمان عاشورہ پر بڑی تخریب کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے جسے سرجانی پولیس نے ناکام بنایا۔ تقریب میں ایس پی اورنگی کو تعریفی سند دی گئی جبکہ دو ڈی ایس پیز، دونوں اضلاع کے انٹیلی جینس افسران ،12تھانیداروں کو نقد انعامات اور تعریفی سند دی گئی ۔

سمندر کے راستے ایران میں داخلے کی کوشش میں45 پاکستانی گرفتار
کوسٹ گارڈز کی کھلے سمندر میں کارروائی تین اسپیڈ بوٹس قبضے میں لے لیں، کسی کے پاس سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں
گرفتار شدگان میں عملے کے5 افراد بھی شامل ہیں، ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمان ایف آئی اے کے حوالے
کراچی(یو پی پی) کوسٹ گارڈز نے غیر قانونی طور پر سمندر کے ذریعے بیرون ملک جانے والے45 ملزمان کو گرفتار کر لیا کوسٹ گارڈز نے گزشتہ روز کھلے سمندر میں گوادر کے علاقے کنٹانی سے سے3 اسپیڈ بوٹس کو دوران گشت روکا، کوسٹ گارڈز کے ترجمان میجر ظفر نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران جب مذکورہ تینوں بوٹس میں سوار افراد سے ان کی سفری دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔ پوچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ تمام افراد غیر قانونی طور پر ایران جانا چاہ رہے تھے۔ فوری طور پر تمام45 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جس میں اسپیڈ بوٹس کے عملے کے5 ارکان بھی شامل ہیں ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزمان سے غیر قانونی کاموں سے متعلق تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

بلدیہ ٹائون میں پولیس مقابلہ‘ زخمی
حالت میں ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد
کراچی( کرائم رپورٹر)اتحاد ٹائون پولیس نے بلدیہ ٹائون میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں فیضان خان اور کامران خان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزمان پولیس کو ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،اغواء برا ئے تاوان اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

نانک واڑہ برمی مسجد کے قریب
پولیس مقابلہ‘ ملزم گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)رسالہ پولیس نے نانک واڑہ ہری مسجد کے قریب مقابلے کے بعد ملزم فرحان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمدہوئی ،پولیس نے ملزم کو سول اسپتال منتقل کردیا ۔مومن آباد پولیس نے فقیر کالونی میں چھاپے کے دوران ملزم سلمان کو گرفتار کرکے مائوذر اور ہینڈ گرنیڈ برآمدکرلیا ۔دوسری کاروائی میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کاشف گرفتارہوا جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوئی۔

شہر میں تابڑ توڑ چھاپے اور مقابلے‘36 ملزمان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف مقاما ت پرچھاپے اور مقابلے کے بعد 36ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق ایسٹ ،ویسٹ ،سائوتھ زون اور سی آئی اے پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 64چھاپے اور مقابلے کے بعد 36ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا۔

 

Tags: