وزیراعظم برطانیہ کا دورہ مختصر کرکے آج وطن واپس پہنچ گئے

October 27, 2015 2:06 pm0 commentsViews: 21

میڈیا پر زلزلے کی خبر ملتے ہی وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی
ملک میں جہاں بھی ضرورت ہو فوری ریسکیو کیاجائے، لاپرواہی برتنے پر کارروائی ہوگی
لندن( نیوز ڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان میں آنے والے زلزلے کی پیش نظر دورہ برطانیہ مختصر کر دیا اور آج صبح وطن واپس پہنچ گئے ۔ اسلام آباد میں زلزلے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف دورہ امریکہ کے بعد انگلینڈ گئے تھے جہاں انہوں نے مزید ایک دن قیام کرنا تھا تاہم پاکستان میں زلزلے کے باعث وزیر اعظم نے اپنا دورہ مختصر کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پیر کے روز ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جس سے ملک کے پہاڑی اور دیہاتی علاقے شدید متاثر ہوئے، میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے فوری طور پر وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ بغیر کسی احکامات کے فوری طور پر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور ملک کے کونے کونے میں جہاں بھی لوگوں کو مدد کی ضرورت ہو تو وہاں انہیں فوری ریسکیو کیا جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کو گلگت پہنچ کر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی ۔

Tags: