وفاقی ادارے سندھ پر حملہ آور ہورہے ہیں‘ وزیر اعلیٰ

October 27, 2015 2:07 pm0 commentsViews: 18

کرپشن پورے ملک میں ہورہی ہے لیکن کارروائیاں صرف سندھ میں کی جارہی ہیں‘ ناانصافیاں بند ہونی چاہئے
امین فہیم کی علالت کے باعث کیس کی سماعت دو ماہ کیلئے ملتوی کی جائے‘ پی پی رہنما کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے سندھ پر حملہ آور ہو رہے ہیں پتہ نہیں کیوں سندھ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے کرپشن پورے ملک میں ہو رہی ہے لیکن کارروائیاں صرف سندھ میں ہو رہی ہیں وفاقی اداروں کی جانب سے سندھ میں کیجانے والی کارروائیاں نا انصافی ہیں یہ عمل بند ہونا چاہئے۔ مخدوم امین فہیم علیل ہیں میں بھی وکیل ہوں تھوڑا بہت قانون جانتا ہوں عدالت سے استدعا ہے کہ مخدوم امین فہیم کی طبی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے کیس کی سماعت دو ماہ کے لئے ملتوی کی جائے اور ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری فوری منسوخ کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی اسپتال میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے مخدوم امین فہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مخدوم امین فہیم تاریخ ساز شخصیت کے مالک ہیں اور انسان دوست آدمی ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ اس صورتحال میں بھی عدالت کی طرف سے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے ہیں عدالت سے استدعا ہے کہ امین فہیم کے کیس پر نظر ثانی کرتے ہوئے دو ماہ کیلئے سماعت ملتوی کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ نشانہ بنایا گیا ہے۔

Tags: