نقب زنی میڈیسن مارکیٹ میں 13 دکانوں سے 4 لاکھ کی ادویات چوری

October 27, 2015 2:11 pm0 commentsViews: 34

محرم کی سیکورٹی کیلئے ڈینسو ہال میں قائم مدینہ میڈیسن مارکیٹ 9 محرم سے بند اور تمام راستے سیل تھے
مارکیٹ کے دکانداروں کا ایم اے جناح روڈ پر مظاہرہ‘ ٹریفک جام‘ چوکیدار زیر حراست‘ مزید تفتیش جاری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈینسو ہال میں قائم مدینہ میڈیسن مارکیٹ میں نقب زنی کی واردات کے دوران چور ایک درجن سے زائد دکانوں کے کنڈے کاٹ کر4 لاکھ روپے نقدی اور بھاری مالیت کی دوائیں لے کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کھارا در ڈینسو ہال کے قریب واقع مدینہ میڈیسن مارکیٹ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب چور13 دکانوں کے کنڈے کٹر سے کاٹ کر دکانوں میںموجود نقدی اور دوائوں سمیت سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پیر کی صبح جب دکاندار مارکیٹ پہنچے تو دکانوں کے شٹروں کی کنڈیاں کٹی ہوئی تھیں۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔ دکانداروں نے چوروں کی گرفتاری کیلئے ایم اے جناح روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ مارکیٹ انتظامیہ کے عہدیدار عاطف بلو نے بتایا کہ مدینہ سینٹر کی 13 دکانوں کے کنڈے کاٹے گئے۔ چور 4 لاکھ روپے، قیمتی دوائیں اور سامان لوٹ کر لے گئے ہیں۔ جس کی مالیت لاکھوں روپے میں ہے محرم کی سیکورٹی کیلئے مارکیٹ 9 محرم سے بند اور تمام راستے سیل تھے۔ ایس ایچ او کھارا در ندیم حیدر نے بتایا کہ لوٹے گئے سامان کی مالیت کا اندازہ لگایا جا رہاہے احتجاج کرنے والے دکاندار چوروں کی گرفتاری کی یقین دہانی پر منتشر ہوگئے۔ مارکیٹ انتظامیہ تفصیلات اکٹھی کرکے مقدمہ درج کرائے گی۔ مارکیٹ کے چوکیدار کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔

Tags: