بلدیہ عظمیٰ، اپنے کارندوں کو بڑے گریڈ میں ترقی دینے کی سازش ناکام

October 27, 2015 2:14 pm0 commentsViews: 29

بعض افسران کی جانب سے من پسند افراد کو ترقی دینے کیلئے ڈی پی سی کی تیاری پر ایماندار افسران میں بے چینی کی لہر
سینئر افسر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو صورتحال سے آگاہ کر دیا، ترقیوں کا معاملہ پھر لٹک گیا
کراچی(رپورٹ۔فرید عالم)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران کے ایک گروپ کی اپنے کارندوں کو بڑے گریڈ میں ترقیاں دینے کی سازش ناکام‘تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی ترقیوں کا معاملہ ایک مرتبہ پھر لٹک گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ کراچی کے سابق ایڈ منسٹریٹر کے دور میں افسران کی 18گریڈ سے20 گریڈتک کی ترقیوں کیلئے ڈی پی سی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈی پی سی کیلئے مبینہ طور پر من پسند افسران کے نام شامل کر کے سینئر افسران کو نظر انداز کردیا گیا تھا جس پر سینئر افسران میں شدید بے چینی پائی جارہی تھی،بعض افسران نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی پی سی میں نام شامل کرنے کیلئے بھاری نذرانے وصول کئے گئے ہیں۔تاہم سابق ایڈ منسٹریٹر کے دور میں ترقیوں کیلئے ڈی پی سی نہیں کی جاسکی،ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ کراچی کے بعض افسران نے ایک مرتبہ پھر ڈی پی سی کرانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی جس کیلئے19سے20گریڈ میں افسران کی ترقیوں کیلئے ڈی پی سی کرانے کا فیصلہ کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ 19سے 20 گریڈ میں ترقی کیلئے ڈی پی سی کیلئے کی جانے والی تیاریوں پر دیگر افسران میں شدید بے چینی پھیل گئی تھی اور اس حوالے سے ایک سینئر افسر نے ایڈ منسٹریٹر کراچی کو تحفظات سے آگاہ کردیا اور واضح کیا ہے کہ مذکورہ ڈی پی سی قوائد وضوابط کے ساتھ ساتھ سینئر افسران کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے مذکورہ ڈی پی سی کی گئی تو اس میں قانونی پیچیدگیاں ہونگی اور سینئر افسران عدالتوں کا رخ کرینگے، جبکہ ایک دوسرے افسر نے اپنے وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس بھی بھیجوادیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے ایڈ منسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے مذکورہ شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی سی کو منسوخ کردیا ہے جس کے بعد بلدیہ کراچی کے افسران کا ترقیوں کا معاملہ ایک مرتبہ پھر لٹک گیا ہے ۔

رہائشی، صنعتی صارفین کے یوٹیلٹی سروسز کے چارجز کے بل جاری
کیماڑی، سائٹ، بلدیہ ٹائون اور اورنگی ٹائون کے صارفین کو بل جمع کرانے کی آخری تاریخ20 نومبر مقرر
کراچی (سٹی رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میونسپل یو ٹیلیٹی سروسزچارجز اینڈ ٹیکس نے چوتھی سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر2015 ء)کے لئے رہائشی و صنعتی صارفین کے میونسپل یوٹیلیٹی سروسز چارجز کے بل جاری کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلبرگ اور لیاقت آباد کے بل جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 نومبر 2015ء ہے جبکہ ضلع غربی میں کیماڑی، سائٹ، بلدیہ ٹائون اور اورنگی ٹائون کے صارفین کے لئے آخری تاریخ ادائیگی 20 نومبر 2015ء مقرر کی گئی ہے ، ضلع شرقی میں جمشید ٹائون ، گلشن اقبال، شاہ فیصل، لانڈھی اور کورنگی کے صارفین16 نومبر 2015 ء تک جبکہ ضلع جنوبی میں لیاری اور صدر کے علاقوں کے لئے جاری کردہ بلوں کی آخری تاریخ ادائیگی 25 نومبر 2015ء ہے ، ضلع ملیر میں ملیر ، بن قاسم اور گڈاپ کے علاقوں کے صارفین17 نومبر 2015ء تک بل جمع کراسکتے ہیںجبکہ ڈویژن ڈبلیو اور صنعتی صارفین کے بلوں کی آخری تاریخ ادائیگی 25 نومبر 2015 ء مقرر کی گئی ہے۔ہر بل کے ساتھ گزشتہ واجبات کا 5 فیصد واجب الادا ہے ۔ محکمہ میونسپل یوٹیلیٹی سروسزچارجز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوٹیلیٹی بلز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں بل موصول نہ ہو نے کی صورت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میںقائم رہائشی، انڈسٹریل اور کمرشل یونٹس، دکانوں اور دفاتر کے بل سوک سینٹرکی دوسری منزل پر محکمہ میونسپل یوٹیلیٹی سروسزچارجزسے حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

Tags: