پولیس کا رویہ ریتی بجری ٹرک مالکان نے غیر معینہ ہڑتال کی دھمکی دیدی

October 27, 2015 2:15 pm0 commentsViews: 24

ٹریفک اور موٹر وے پولیس نے ریتی بجری ٹرک ڈرائیوروں کا جینا حرام کردیا‘ ہمارا کاروبار تباہ کیا جارہا ہے
موٹر وے پولیس رشوت نہ دینے پر گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو ہراساں کرتی ہے‘ احتجاجی جلسے سے حاجی یوسف و دیگر کا خطاب
کراچی( نیوز ڈیسک) پولیس کے نا روا رویے کیخلاف سہراب گوٹھ میں آل کراچی ریتی بجری سپلائر ایسوسی ایشن کا احتجاج‘ مطالبات نہ ماننے پر یکم نومبرسے کراچی تا حیدر آباد غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے ناروا رویے کیخلاف سہراب گوٹھ میں آل کراچی ریتی بجری ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا‘ اس موقع پر جلسے کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد یوسف خان‘ نائب صدر میں حاجی خان‘ جنرل سیکریٹری ملک مقصود خان اور حاجی لطیف برکی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ٹریفک اور موٹر وے پولیس نے ریتی بجری ٹرکوں کے ڈرائیوروں کاجینا حرام کردیا ہے‘ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے دن کے اوقات میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے مگر ٹریفک پولیس اہلکار ریتی بجری ڈمپروں کے علاوہ تمام بڑی گاڑیوں کو دن کے اوقات میں شہر میں داخلے کی اجازت دیتے ہیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لیکن انتظامیہ ’’ رشوت‘‘ کے عوض اس غیر قانونی اقدام پر خاموش ‘ رہنمائوں کا کہنا ہے تھا کہ موٹر وے پولیس بھی ہمارے کاروبار کو تباہ کرنا چاہتی ہے‘ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی چالان کرکے موٹر وے پولیس بھی صرف مال بنانے میں مصروف ہے‘ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس رشوت نہ دینے پر گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کوبھی ہراساں کرتی ہے۔