بلدیاتی انتخابات میں میڈیا نتائج کا اعلان نہیں کرسکے گا الیکشن کمیشن

October 27, 2015 2:25 pm0 commentsViews: 27

الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کے خلاف کارروائی کیلئے پیمرا کو حکم جاری کردیا ہے
بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے‘ حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات ہوگی‘ سیکریٹری الیکشن کمیشن
لاہور( نیوز ایجنسیاں)سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ 31اکتوبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخاب میں میڈیا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج نہیں دے سکے گا‘ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر من وعن و عمل کروانے کیلئے پیمرا کو احکامات جاری کردیئے‘ وہ گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب الیکشن کمیشن آفس میں ہونیوالے اجلاس کی صدارت کررہے تھے‘ جس میں صوبائی الیکشن کمشنر مسعود ملک‘ ڈی سی او ‘ڈی آر او سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے‘ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر کے تیار کردہ نتائج کے علاوہ میڈیا کوئی نتائج جاری نہیں کرسکتا‘ بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کیخلاف کارروائی کیلئے پیمرا کو حکم بھی جاری کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے قبل از وقت نتائج جاری کرنے سے فسادات اور تصادم کا خطرہ ہے اور جس چینل نے اپنی مرضی سے نتائج جاری کئے اس کیخلاف سخت کارروائی ہوگی‘ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں‘ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں فوج تعینات ہوگی‘ جبکہ دیگر پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات نہیں ہوگی‘ لیکن تصادم کی صورت میں پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس فوری طورپر جائے وقوعہ پر پہنچ جائیگی۔

Tags: