شہر کی سٹرکیں اور رہائشی علاقے گندے پانی کے تالاب میں تبدیل

October 27, 2015 2:27 pm0 commentsViews: 445

واٹر بورڈ کی لاپرواہی کے باعث گٹر ابل پڑے، سیوریج کا نظام تباہ، وبائی امراض پھوٹ پڑے
لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال دیگر علاقوں میں گندا پانی سٹرکوں پر آنے سے ٹریفک جام
کراچی (سٹی رپورٹر) شہر قائد میں گٹر اُبل پڑے ،شہر کی سڑکیں اور رہائشی علاقے گندے پانی کے تالاب میں تبدیل ہوگئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کے سبب شہر کی اہم شاہراہوں سمیت مختلف علاقوںمیں سیوریج سسٹم تباہ ہوگیا ہے۔اہم شاہراہیں اور آبادیوں کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔متعلقہ حکام کی پراسرار خاموشی کے سبب شہر میں مختلف امراض جنم لینے لگے ہیں۔ شہری تیسرے درجے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔شہر کی اہم شاہراہوں،جہانگیر روڈ ،کشمیر کالونی ،،برنس روڈ ،سمیت مختلف علاقوں جن میں لیاقت آباد،ناظم آباد ،نیو کراچی ،نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ،گلشن اقبال ، فیڈرل کیپٹل ایریا سمیت دیگر علاقوں میں گٹر ابلنے کے باعث شہریوں کو سخت ذہنی اذیت کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ،سیوریج سسٹم تباہ ہوجانے کے باعث اہم شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام کے علاوہ سڑک عبور کرنے والوں کوسخت پریشانی کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔ جہانگیر روڈ گرومندر تا لیاقت آباد تین ہٹی جانے والی سڑک پر گٹر ابلنے کے باعث بدترین ٹریفک جام معمول بنا ہوا ہے جبکہ اسی طرح تین ہٹیگرومندر جانے والے راستہ بھی گٹر ابل رہا ہے ۔انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مذکورہ سڑک گندے پانی میں تبدیل ہوچکی ہے ۔واضح رہے کہ جہانگیر روڈ شاہراہ پاکستان کی جانب جاتی ہے اور مذکورہ مقام سے ہیوی ٹریفک کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کا اژدھام رہتا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سڑک پر توجہ نہ دینے کے باعث شہریوں کو سخت ازیت کا سامنا کرنا پررہا ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا بھی ایسا ہی حال ہے ۔ مزکورہ مقامات پر گٹر ابلنے کے باعث عوام کو مساجد جانے میں پریشانی کا سامنا ہے ۔

Tags: