کرپشن میں ملوث پیپلز پارٹی کے 3 ارکان سندھ اسمبلی کیخلاف تحقیقات

October 28, 2015 1:58 pm0 commentsViews: 13

قومی احتساب بیورو نے نئے مقدمات کی چھان بین شروع کردی آئندہ چند روز میں اہم گرفتاریاں متوقع ہیں
کراچی میں سرکاری اراضی پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے 70 مقدمات کی تحقیقات مکمل کرلی گئی‘ ذرائع نیب
کراچی( کرائم ڈیسک) قومی احتساب بیورو( نیب ) کراچی نے کرپشن اور بد عنوانیوں کے مزید8 مقدمات کی تحقیقات کی منظوری کیلئے اسلام آباد بھیج دئیے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے3 ارکان سندھ اسمبلی سمیت دیگر معاملات کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔ مقدمات سے متعلق گواہوں اور سرکاری افسران کو نیب کراچی کے دفتر طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کرپشن، بد عنوانیوں، زمینوں پر قبضہ اور دیگر معاملات کی115 شکایتیں موصول ہوئی ہیں جن میں نصف درجن سے زائد شکایتوں کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد نیب کراچی نے تحقیقات کی منظوری کیلئے مقدمات اسلام آباد بھیج دئیے ہیں۔ نیب کراچی کے ذرائع کے مطابق کرپشن، بد عنوانیوں، چائنا کٹنگ اور دیگر معاملات کی تحقیقات کا عمل سست روی کا شکار نہیں ہوا ہے۔ مقدمات بہت زیادہ ہیں اس لئے ان مقدمات کی تحقیقات کی تکمیل میں تاخیر ہو رہی ہے جب کہ مزید نئے مقدمات کی چھان بین بھی شروع کر دی گئی ہے آئندہ چند روز میں اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ کراچی میں سرکاری اراضی پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے معاملے کی چھان بین کرنے والی ایف آئی اے، رینجرز اور نیب کراچی پر مشتمل جے آئی ٹی نے70 مقدمات کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں نیب کراچی کے مطابق روزانہ نیب کے دفتر میں کراچی سمیت سندھ سے آٹھ سے دس شکایتیں موصول ہوتی ہیں تاہم ان کی جانچ پڑتال کے بعد ہی تحقیقات کی منظوری کیلئے بھیجا جاتا ہے۔

Tags: