زلزلہ زدگان کے نام پر کالعدم تنظیموں کو چندہ جمع نہیں کرنے دینگے‘ پرویز رشید

October 28, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 33

پاکستانی حکومت مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے پورے وسائل رکھتا ہے غیر ملکی امداد کی اپیل زیر غور نہیں ہے
متاثرین کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سامان کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے واضح کیا کہ زلزلہ زدگان کے نام پر کسی کالعدم تنظیم کو چندہ اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے پورے وسائل رکھتا ہے غیر ملکی امداد کی اپیل زیر غور نہیں، شاہراہ قراقرم کوسمیت زلزلے سے متاثرہ سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے، بعض مقامات پر کام جاری ہے۔ متاثرین کو یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے ذریعے سامان کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کی طبی ٹیمیںالرٹ ہیں جنہیں مختصر نوٹس پر کہیں بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور چیئر مین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ پرویز رشید نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کی امداد کیلئے خیبر پختونخوا کی حکومت کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی اور متاثرین کی امداد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کے نام پر کسی کالعدم تنظیم کو چندہ اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کوئی تنظیم فنڈ اکٹھے کرتے ہوئے پکڑی گئی اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ آپریشن ضرب عضب نے کالعدم تنظیموں کی کمر توڑ دی ہے۔

Tags: