تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے کردار ادا کررہے ہیں، سندھ تاجر اتحاد

October 28, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 20

سندھ بھر کے تاجروں کو ان کی ایسوسی ایشنز اور الائنس کے ذریعے آگاہی فراہم کرنا شروع کر دی، جمیل پراچہ
ایف بی آر تاریخ میں توسیع اور مارکیٹوں میں کیمپ قائم کرے، چیئرمین سندھ تاجر اتحاد
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ تاجر اتحاد کے چئیرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ تاجروں کو ٹیکس نیٹ ورک میںشامل کرنے کے لئے سندھ تاجر اتحاد اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور اس حوالے سے سندھ بھر کے تاجروں کو ان کی ایسوسی ایشنز اور الائنسز کے ذریعے آگاہی فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ایف بی آر گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کرے اور مارکیٹوں میں تاجروں کی آسانی کے لئے کیمپ قائم کرے۔ آل پاکستان انجمن تاجران سے کئے گئے وعدے کے تحت وفاقی وزیر خزانہ 15 نومبر کو تاجروں کے خصوصی پیکج کا اعلان کرکے ثابت کریں کہ جس طرح اس ملک کے چھوٹے تاجر اس ملک سے محب وطنی کا ثبوت دے رہے ہیں حکومت بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور قدرتی آفات سے نبردآزما ہونے کے لئے ملک بھر کے تاجر حکومت کے ساتھ ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور ان سے نمٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چیف کمشنر ایف بی آر حافظ محمد علی اندھار سے سندھ تاجر اتحاد کے8 رکنی وفد کی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت جمیل احمد پراچہ کررہے تھے جبکہ وفد میں سلیم میمن، اسماعیل لالپوریہ، محمد کاشف صابرانی، عبدالرحمان، سلیم راجپوت، محمد ارشد اور محمد رضوان عرفان شامل تھے۔

Tags: