ایدھی نے مودی کی ایک کروڑ روپے کی امداد قبول کرنے سے معذرت کرلی

October 28, 2015 2:04 pm0 commentsViews: 27

بھارتی وزیراعظم یہ رقم اپنے ملک کے گونگے بہرے افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں
حکومت سے امداد لینا ہمارے اصولوں کے خلاف ہے، کراچی پریس کلب میں فیصل ایدھی کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایدھی فائونڈیشن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اعلان کر دہ ایک کروڑ روپے کی امداد قبول کرنے سے معذرت کر لی۔ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ گیتا کو بھارت واپس پہنچانے میں تعاون کرنے پر میڈیا اور حکومتی اداروں کے شکر گزار ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نے گیتا کی دیکھ بھال کرنے پر ایدھی کی خدمات کو تسلیم کیا اور ایک کروڑ امداد عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہم نے اس اعلان کے بعد عبدالستار ایدھی سے مشورہ کیا جس کے بعد بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے امداد قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی فائونڈیشن کی پالیسی ہے کہ کسی حکومت سے امداد نہیں لیتے، نریندر مودی، ایدھی کو دینے والی ایک کروڑ کی رقم بھارت میں گونگے بہرے افراد کی فلاح پر خرچ کریں گے تو ہمیں زیادہ خوشی ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جاپان نے ہمیں 100 ایمبولینس دینے کی پیشکش کی تھی جو ہم نے قبول نہیں کی۔ حکومتوں سے امداد لینا ہمارے اصولوں کے خلاف ہے۔ پاکستان کے عوام اتنی امداد دیتے ہیں کہ کسی اور سے امداد لینے کی ضرورت نہیں رہتی۔

Tags: