صارم ٹرسٹ کی ٹیم جلد ہی امدادی سامان کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی آباد کاری میں حصہ لے گی، صارم برنی

October 28, 2015 2:18 pm0 commentsViews: 17

کراچی( پ ر) حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ صارم برنی نے بلوچستان میں آنے والے ہولناک زلزلے میں سینکڑوں لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے والوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی قدرتی آفات ہمارے لئے اللہ کی طرف سے نصیحت ہے کہ اگر ہم اب بھی نہیں سنبھلے تو بہت دیر ہوجائیگی اور وہ ہماری رسی کھینچ لے گالہٰذا ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر رب کو راضی کرنے کی کوششیں کرنی چاہئے۔ صارم برنی نے کہا کہ صارم برنی ٹرسٹ کی امدادی ٹیم جلد ہی امدادی سامان لے کر متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر لوگوں کی آباد کاری میں حصہ لیگی۔ صارم برنی نے مزید کہا کہ حکومتی کوششیں اپنی جگہ لیکن اس کڑے وقت میں 2005 کے زلزلہ کی طرح بے سرو سامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے نوحہ کناں بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ایکبار پھر یکجا ہونا ہوگااور ان کے لئے اپنی خدمات پیش کرنی ہوگی ، اس وقت وہاں خیموں ، کپڑوں ، ادویات اور خشک کھانے کی اشیاء کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے عوام سے بھر پور اپیل ہے کہ وہ یہ تمام اشیاء صارم برنی ٹرسٹ میں جمع کراسکتے ہیں تا کہ جلد سے جلد متاثرہ لوگوں کی مدد کی جاسکے۔