زلزلے کی تباہی کا مقابلہ کرنے کیلئے تاجروں نے منصوبہ بندی شروع کر دی

October 28, 2015 2:19 pm0 commentsViews: 20

کمبل ، ادویات اور غذائی اشیاء کی ترسیل شروع کرنے کی تیاریاں، مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ ہیں، تاجر رہنما
کراچی( کامرس رپورٹر) تاریخی قیامت خیز زلزلے سے ہونے والی تباہی کا مقابلہ کرنے کیلئے تاجروں نے صف بندی شروع کر دی آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے چیئر مین جاوید حاجی عبداللہ نے ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں جونا مارکیٹ، کھجور بازار، برتن بازار، لی مارکیٹ، کھویا مارکیٹ، سمیت دیگر مارکیٹوں کے تاجروں کے اجلاس میں اعلان کیا کہ حالیہ زلزلے سے متاثرین کے ریسکیو آپریشن اور بحالی کے لئے ایسوسی ایشن نے جامع امدادی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں فوری طور پر کمبل، ادویات اور غذائی اشیاء کی ترسیل کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں آل پاکستان اسمال ٹریڈرز کے صدر حامد محمود، انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری جاوید شیخ اور دیگر تاجر رہنمائوں نے روزنامہ آغاز کو بتایا کہ کراچی کے تاجروں نے ہر مشکل کی گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ مصائب کا مقابلہ کیا ہے جبکہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ حالیہ زلزلے کے بعد ملکی معیشت کی زبوں حالی کو ایک طرف رکھتے ہوئے تمام تاجر اپنی بساط کے مطابق موجودہ چیلنج کا مقابلہ کریں کراچی کی تاجر برادری کبھی اپنی قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔