امدادی پیکج زلزلے میں ہلاک افراد کے لواحقین کو6 لاکھ روپے دئیے جائیں گے

October 29, 2015 3:12 pm0 commentsViews: 16

معذور ہوجانے والوں کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس, گھر مکمل تباہ ہونے پر 2لاکھ روپے معاوضہ ملے گا
متاثرین کو آئندہ پیر سے امدادی چیک ملنا شروع ہوجائیں گے، زلزلہ قومی المیہ ہے، اس میں سیاست کرنے کی گنجائش نہیں، وزیر اعظم
پشاور/ چترال( خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف نے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 6 لاکھ روپے فی کس، معذور ہونے والوں کو 2 لاکھ فی کس، زخمیوں کو ایک لاکھ فی کس دئیے جائیں گے۔ جبکہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر کیلئے2 لاکھ روپے جزوی نقصان والے گھروں کی تعمیر کیلئے ایک لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ معاوضے کی رقم کا 50 فیصد وفاقی حکومت جبکہ 50 فیصد صوبائی ادا کرے گی زلزلہ متاثرین کو ادا ئیگی سے قبل تصدیق کیلئے پاک فوج اور مقامی افراد پر مشتمل 3رکنی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ جو آئندہ پیر تک حقیقی حقداروں کا تعین کرے گی جس کے بعد پیر سے آئندہ جمعرات تک متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور فاٹا کے متاثرین میں امدادی پیکج کی تقسیم کی جائے گی۔ زلزلہ قومی المیہ ہے اس میں سیاست کی گنجائش نہیں۔ فلاں آدمی فلاں سیاسی جماعت سے وابستہ ہے اب ان باتوں کے دن چلے گئے۔ وہ بدھ کو گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے چترال میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے لواری ٹنل اگلے سال تک مکمل کرانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ متاثرین کو آئندہ پیر سے امدادی چیک دینا شروع کر دئیے جائیں گے۔