کراچی کیلئے بجلی مہنگی پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے کا امکان

October 29, 2015 3:18 pm0 commentsViews: 20

نیپرا نے اگست کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیںبجلی2 روپے 60 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، کراچی کے صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا
کراچی کے عوام پر بجلی گرانے کے لیے نیپرا نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کے الیکٹرک کو ماہانہ 300 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی
نئے ٹیرف سے کراچی کے 70 فیصد صارفین متاثر ہورہے ہیں، 16 سے 18 روپے فی یونٹ تک بجلی مہیا کی جارہی ہے، 4جولائی کو متعارف کرانے والے نئے سلیب سسٹم میں 300 سے زائد یونٹ کے استعمال پر نرخ 100 روپے مقرر کیا گیا تھا
کراچی( نیوز ڈیسک) کراچی میں عوام پر ایک بار پھر بجلی گرا دی گئی کراچی میں صارفین کے لئے بجلی مہنگی کر دی گئی ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی دو روپے 60 پیسے یونٹ سستی کی گئی لیکن کراچی کے عوام کو اس میں بھی ریلیف نہیں دیا گیا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھائی جا رہی ہیں تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا ) اور کے الیکٹرک کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا۔ نیپرا نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی کے بجلی صارفین اور شیئر ہولڈرز کے اعتراضات سنے بغیر کے الیکٹرک کو ماہانہ 300 سے زائد یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا کے اس جانبدار فیصلے سے شہر کے70 فیصد صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔ صارفین کو 16 سے 18 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے نیپرا کی جانب سے 4 جولائی 2015ء کو کراچی کے بجلی صارفین کیلئے نیا سلیب سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جس کے مطابق بجلی کے سلیب ون میں پہلے 100 یونٹس کو5 روپے 79 پیسے، سلیب ٹو میں101 سے200 یونٹس کو8 روپے 11 پیسے، سلیب تھری میں201 سے 300 یونٹس کو 10 روپے سے 20پیسے مقررر کیا گیا ہے۔ اس طرح سلیب فور میں301سے700 یونٹس پر فی یونٹ16 روپے جبکہ 700 سے زائد یونٹ کو 18 روپے فی یونٹ کرنے کا کہا گیا تھا لیکن نیپرا نے عوامی سماعت منعقد کئے بغیر کے الیکٹرک کو نوٹیفکیشن کے ذریعے یہ منظوری دیدی ہے ماہانہ300 سے زائد یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کا بل16 روپے فی یونٹ کے نرخ سے بنایا جائے۔ نیپرا کے اس فیصلے سے جولائی میں متعارف کرائے گئے سلیب سسٹم کے خلاف ورزی ہو رہی ہے اور کراچی میں70 فیصد صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے بھیجے جانے والے اضافی بلوں نے عوام کی کمر توڑ ڈالی ہے کیونکہ اب صارفین کو ہزاروں اور لاکھوں روپے کے اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں دوسری طرف نیپرا نے اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 60پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اس کمی میں کراچی کے صارفین کو ریلیف نہیں دیا گیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے بدھ کو جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق نیپرا نے اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 60 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس کمی میں بھی کراچی کے صارفین کو ریلیف نہیں دیا گیا ہے نیپرا کی جانب سے بدھ کو جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔ کراچی کے علاوہ دیگر بجلی صارفین کو 15 ارب روپے کاریلیف ملے گا، تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی صارفین کو دسمبر میں ریلیف ملے گا، 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر کمی کا اطلاع نہیں ہوگا۔ جبکہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق اوگرا نے سمری تیار کرلی ہے۔ جس کے مطابق پیٹرول 5 روپے 35 پیسے، ڈیزل 3 روپے63 پیسے، ہائی اوکٹین 6 روپے 10 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2روپے 41 پیسے اور مٹی کا تیل3 روپے 17 پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ حتمی منظوری کیلئے سمری آج وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی۔

Tags: