جامعہ کراچی اور کورنگی ڈگری کالج میں طلبہ تنظیموں میں تصادم، متعدد زخمی

October 29, 2015 3:18 pm0 commentsViews: 45

دونوں جانب سے ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال، پولیس اور رینجرز نے حالات کنٹرول کیے، متعدد طلبہ گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور گورنمنٹ ڈگری کالج کورنگی نمبر 6 میں2 سیاسی تنظیموں کے طلبہ کارکنوں کے درمیان تصادم، ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال، متعدد طلبہ گرفتار، جامعہ کراچی میں2 طلبہ تنظیموں میں تصادم کے دوران ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے وار سے5 طلبہ زخمی ہوگئے۔ مبینہ ٹائون کے علاقے میں قائم جامعہ کراچی میں بدھ کو2 طلبہ تنظیموں میں تصادم کے دوران دونوں جانب کے کارکنان نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں5 طلبہ زخمی ہوگئے جن میں عبدالواحد، آصف جان، محمد عرفان اور 2 لڑکیاں شامل ہیں جن کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک تنظیم کے کارکن کی جانب سے لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے سے روکا گیا تو مذکورہ کارکن نے تنظیم کے دیگر کارکنان کے ہمراہ حملہ کر دیا۔ اس دوران ان دونوں تنظیموں کے کارکنان نے آزادانہ ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا استعمال کیا تاہم رینجرز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دونوں تنظیموں کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دریں اثناء عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر6 ٹیلی فون ایکس چینج کے قریب گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں سیاسی تنظیم کے کارکنوں کا طلبہ پر تشدد، پولیس بے خبر رہی، بدھ کو اے پی ایم ایس او کے کارکنوں نے تنظیم کے قائد کی سالگرہ کی تقریب رکھی، اس دوران چند طلباء نے اعتراض کیا جس پر سیاسی تنظیم کے کارکنان نے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع مدد گار پولیس کو دی گئی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا۔ الطاف حسین کی سالگرہ 17 ستمبر کو ہوتی ہے۔ لیکن حالات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے تقریب بدھ کو منعقد کی گئی تھی۔

Tags: