ممتاز قادری کی سزائے موت کیخلاف کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاج

October 29, 2015 3:18 pm0 commentsViews: 39

تنظیمات اہلسنت کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ
ممتاز قادری کا ردعمل ایمانی غیرت کا تقاضہ تھا، مفتی غلام غوث اویس نورانی و دیگر کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) تنظیمات اہلسنت کے زیر اہتمام ممتاز قادری کی سزائے موت کے غیر شرعی فیصلے کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ کراچی پریس کلب کے باہر بڑے مظاہرے سے مفتی غلام غوث بغدادی، شاہ اویس نورانی، مفتی عابد مبارک، صوفی محمد حسین لاکھانی نے عدلیہ کے تفصیلی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شریعت گستاخ رسول ﷺ کے قتل پر کوئی رعایت یا قصاص طلب نہیں کرتی، ممتاز قادری کا رد عمل ایمانی غیرت کا تقاضہ تھا رہنمائوں نے کہا کہ اسلامی نظام مملکت میں کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں، لیکن جب پاکستان میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کی جانب سے توہین رسالت ﷺ کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور قانونی کارروائی نہ ہو تو اہل ایمان غازی علم الدین کا کردار ادا کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ مظاہرے سے مولانا خلیل الرحمن چشتی، مفتی عبدالحکیم ہزاروی، مولانا بلال قادری، مولانا سلطان مدنی، نوید عباسی، عاطف بلو، سلیم عطاری، مفتی آصف سعید، مفتی حسان رضا قادری نے بھی خطاب کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ ممتاز قادری کا فعل شرعی تقاضوں کے مطابق ہے کیونکہ اسلام میں گستاخ رسول ﷺ اور مرتد کی سزا موت ہے۔ غلامان مصطفیٰ ﷺ اعلان کرتے ہیں کہ رحمت عالم ﷺ کی عظمت کے تحفظ کیلئے سعی جاری رہے گی اور ممتاز قادری کی با عزت رہائی کیلئے آئینی و قانونی جدوجہد کرتے رہیں گے۔