بھولا گجر کو رانا ثناء اللہ کے کہنے پر قتل کیا، ملزم نوید کمانڈو

October 29, 2015 3:23 pm0 commentsViews: 50

رانا ثناء اللہ نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا، عدالت کا صوبائی وزیر سے بیان لینے کا حکم
پولیس افسران نے تشدد کرکے رانا ثناء اللہ کا نام لینے سے منع کیا تھا، قتل کے بعد کچھ عرصہ روپوش رہا، ملزم
فیصل آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل آباد میں ن لیگ کے اہم رہنما بھولا گجر کے قتل کے سلسلے میں گرفتار ملزم نوید کمانڈو کا اہم انکشاف سامنے آگیا۔ ملزم نے ایڈیشنل سیشن جج فیصل آباد کی عدالت میںاعتراف کیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما بھولا گجر کو رانا ثناء اللہ کے کہنے پر قتل کیا۔ بھولا گجر پی ٹی آئی میں جانا چاہتے تھے جبکہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملزم سے ملنا تو دور کبھی فون پر بھی بات نہیں کی۔ عدالت نے صوبائی وزیر سے بیان لینے کا حکم دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ بھولا گجر کو کلا شنکوف سے ہلاک کیا اور قتل کرنے کے بعد رانا ثناء اللہ کو وائبر پر کال کی اور ان کو بھولا کے قتل کا بتایا، نوید نے مزید کہا کہ پولیس کے افسروں نے تشدد کرکے رانا ثناء اللہ کا نام لینے سے منع کیا۔ قتل کے کچھ عرصے بعد میں روپوش رہا۔ عدالت نے اس کیس کی مزید تفتیش کے بارے میں رپورٹ 23 نومبر تک طلب کر لی ۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے دوبارہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بیان کو تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔

Tags: