کروڑوں کی کرپشن، پاکستان پوسٹ،کے پی ٹی، پورٹ قاسم کیخلاف تحقیقات سردخانے کی نذر

October 29, 2015 3:23 pm0 commentsViews: 26

محکمہ ڈاک میں غیرقانونی بھرتیوں، ریٹائرڈملازمین کی پنشن کے فنڈ میں 2 کروڑ کی خردبرد کی تحقیقات کا عمل رک گیا
کے پی ٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات بھی موخر، معطل افسران بحال، حکومت خاموش تماشائی بن گئی
کراچی( کرائم رپورٹر) وفاقی وزراء اعلیٰ افسران کی عدم دلچسپی کے باعث پاکستان پوسٹ سمیت دیگر اداروں میں کروڑوں روپے کی خرد برد اور بد عنوانیوں کے خلاف شروع کی گئی نیب اور دیگر اداروں کی تحقیقات سرد خانے کی نذر کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں محکمہ ڈاک، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم سمیت دیگر اداروں میںکرپشن محکمہ ڈاک میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے فنڈ سے 2 کروڑ روپے سے زائد کی خرد برد، پوسٹل ٹکٹوں میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات جبکہ پی ٹی سی ایل اور دیگر اداروں میں غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات سرد خانے کی نذر کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل ان اداروں میں کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا اور تحقیقات کے آغاز میں بعض افسران کو معطلی اور شو کاز نوٹس کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا تاہم ان معاملات کی تحقیقات کا عمل روک دیا گیا ہے اور بعض معطل افسران کو بحال بھی کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کے متعدد اداروں میں کی جانیوالی خریداری، ہیوی مشینریز اور آلات کی جانچ پڑتال بھی شروع کی گئی تھی تاہم اس پڑتال اور انکوائری کو تکمیل تک نہیں پہنچایا گیا جبکہ ان اداروں میں کروڑوں روپے کی مشینریز اور آلات کی خریداری میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

Tags: