آج شہر کو7 کروڑ30 لاکھ گیلن پانی کم ملے گا

October 29, 2015 3:23 pm0 commentsViews: 23

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ٹرانسفارمر کی مرمت کے باعث9 گھنٹے تک پانی کی فراہمی بند رہے گی
گھریلو صارفین کیلئے پانی کے بلوں کی ادائیگی پر35 فیصد رعایت کی سہولت میں مزید توسیع
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے ٹرانسفارمر کی مرمت کے باعث آج ( جمعرات کو) شہر کو 7 کروڑ30 لاکھ گیلن پانی کم ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کا عملہ دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر آج ( جمعرات کو ) ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام کرے گا جس کے باعث صبح9 بجے سے شام 6 بجے تک 9 گھنٹوں کیلئے پانی کی فراہمی جزوی طور پر بند رہے گی اس دوران فیڈر 6 ( کے ڈی اے) پمپنگ 5، پمپنگ 6، پمپنگ 2 ، پمپنگ 3 ،K-3 اورK-4 مکمل طور پر بند رہیں گے۔ جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں 7 کروڑ 30 لاکھ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکے گا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام مکمل ہوتے ہی معمول کے مطابق پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ پانی احتیاط سے استعمال کریں۔ علاوہ ازیں واٹر بورڈ نےA,E,L اورM کیٹیگری کے تحت گھریلو صارفین کو پانی کے بلوں کی مکمل ادائیگی پر سہولت مہیا کرنے کیلئے35 فیصد رعایت (Rebate) کی سہولت مہیا کرنے کیلئے تاریخ میں مزید توسیع کر دی ہے۔

Tags: