سندھ حکومت کا3 نومبر سے4 روزہ پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان

October 29, 2015 3:29 pm0 commentsViews: 19

3 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری، کھانا اور ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں عذراپیچو نے سیکورٹی کا مطالبہ کیا تھا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت 3 نومبر سے چار روزہ انسداد پولیو مہم شروع کر رہی ہے جس کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے 3 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں۔ یہ فیصلہ بدھ کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وہ 3 سے6 نومبر تک انسداد پولیو مہم کا آغاز کر رہی ہیں جس کیلئے انہیں سیکورٹی اور ٹرانسپورٹ کے چند مسائل کا سامنا ہے اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کو پولیو کی ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ وہ نہ صرف پولیو ٹیموں کی سیکورٹی چاہتے ہیں بلکہ ان کے لئے ٹرانسپورٹ اور لنچ کا بھی بندوبست کیا جائے جس کیلئے پولیو پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فنڈز بھی فراہم کئے گئے ہیں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور ہم نے قومی و بین الاقوامی سطح پر پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

Tags: