گلف شاپنگ سینٹر میں خاتون پر تشدد کرنے والا سیکورٹی گارڈ گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 29, 2015 3:38 pm0 commentsViews: 33

خاتون ریحانہ کو8 محرم کو دکانداروں نے چوری کے الزام میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا
ویڈیو کے فوٹیج میں سیکورٹی گارڈ خاتون کو تھپڑ رسید کر رہا تھا، ملزم پولیس اہلکار نہیں، پولیس حکام، وزیراعلیٰ سندھ نے بھی نوٹس لے لیا
کراچی( کرائم رپورٹر) کلفٹن پولیس نے گلف شاپنگ سینٹر میں چوری کرنے والی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانیو الے سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا‘ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا‘ آج صبح کلفٹن تھانے میں ملزم کیخلاف مقدمہ درج کلفٹن تھانے کے ڈیوٹی افسر عارف حسین نے بتایا کہ8 محرم الحرام کو گلف شاپنگ سینٹر میں چوری کرتے ہوئے خاتون ریحانہ بی بی کو دکانداروں نے پکڑا تھا اور پولیس کے حوالے کردیا تھا ‘ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا تاہم بدھ کی شب ٹی وی چینل میں جب فوٹیج دکھائی گئی تو معلوم ہوا مذکورہ شاپنگ سینٹر کے گارڈ اکبر نے ملزمہ ریحانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں پولیس کے حوالے کیا‘ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار بھی خاتون پر تشدد نہیںکرسکتا‘ اکبر پولیس اہلکار نہیں ہے سیکورٹی گارڈ ہے‘ اس نے پولیس کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی‘ پولیس اعلیٰ افسران کے حکم پر قانونی کارروائی عمل میں آئی۔

مختلف علاقوں میں پولیس
کے چھاپے‘ 58 افراد گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 58 ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ منشیات اور دیگر سامان برآمدکرلیا۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیس نے 24گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوںمیں 71 چھاپہ مارکارروائیوں میں 58ملزمان کو گرفتار کیا جن میں ڈکیت ، اسلحہ ایکٹ، منشیات ایکٹ، دہشتگردی ایکٹ، قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ملزمان کے قبضے سے 23 پستول، 4 دستی بم، 560 گرام منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمدکرلیں۔

ٹارگٹ کلر مقابلہ کے بعد گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)پاکستان بازار پولیس نے گلشن ضیاء میں مبینہ مقابلے کے دوران ملزم آفتاب الدین عرف آفتاب کو زخمی حالت میںگرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم ٹارگٹ کلر ہے چار افراد کے قتل کے الزام میں پولیس کو مطلوب تھا۔

جمشید کوارٹر میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے کو لوٹنے والے، ملزمان سے پولیس کا مقابلہ، ایک گرفتار
دو ملزمان پویس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، گرفتار ملزم سے لوٹی ہوئی رقم کے دو لاکھ روپے برآمد
کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ، چرس اور موٹر سائیکل برآمد کر لی
کراچی( کرائم رپورٹر)جمشید کوارٹر پولیس نے جمشید روڈ نمبر 3 پر مقابلہ کرتے ہوئے زخمی حالت میں ملزم عبدالرحیم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے دو لاکھ روپے برآمد کرلیے جبکہ گرفتار ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ایس ایچ او اخلاق احمد کاکہنا ہے کہ گرفتار ملزم اپنے ساتھی کے ساتھ بینک سے ساڑھے 4 لاکھ روپے لے کر نکلنے والے مدعی فرحان فیصل کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی اور مقابلے کے بعدایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم میں سے دو لاکھ روپے برآمد کرلیے جبکہ ملزم کے دو ساتھی ڈھائی لاکھ روپے لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،۔کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان الیاس، شکیل اور امان اللہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول ، 5 سو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے مقدمات درج ہیں۔
رینجرز کا سرچ آپریشن، گلبرگ عید گاہ، لیاقت آباد اوتھل لیاری، اور دیگر علاقوں سے11 ملزمان گرفتار
گرفتار ملزمان میں لیاری گینگ ملزمان کالعدم تنظیم کے کارندے اور سیاسی جماعت کے کارکن شامل ہیں
کراچی (کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے گلشن غازی ،گلبرگ،عیدگاہ،لیاقت آباد ،حب ،اوتھل سٹی،اور لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈآپریشن کے دورن 11ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں لیاری گینگ وار ،سیاسی تنظیم اور کالعدم تنظیم کے کارندے شامل ہے جن کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جارہی ہے ۔جبکہ رینجرز انٹیلی جنس نے لیاری کے علاقے مولا مدد کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ گروپ کے کارندے خلیل عر ف کالیا کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،رینجرزذرائع کے مطابق ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مختلف سامان سے بھرے ٹرکوں کو چھینتا تھا اوررہائی کیلئے تاوان وصول کرتا تھا گرفتار ملز م کوتفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔

شہر میں چھاپے،’’را‘‘ کے ایجنٹ سمیت7ملزمان گرفتار
کائونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے بلدیہ ٹائون میں مرشد اسپتال کے قریب سے ’’را‘‘ کے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا، واٹربورڈ میں ملازم ہے
ملزم ہندوستان جا کر بھارتی فوج کے کیمپوں میں تربیت حاصل کرتا رہا ہے، بم بنانے اور مختلف قسم کے ہتھیار چلانے میںبھی مہارت ہے
کورنگی سے مقابلے کے بعد پانچ ملزمان گرفتار،کورنگی میں رقم کے عوض دکان پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کیا تھا
مچھر کالونی سے ایک ملزم گرفتار، ریلوے پولیس اہلکار سے چھینی گئی سرکاری ایس ایم جی برآمد، مزید تفتیش کی جارہی ہے
کراچی (کرائم رپورٹر) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ انویسٹی گیشن برانچ نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران (ر ا)کے ایجنٹ سمیت7ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمدکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انویسٹی گیشن ٹیم نے بدھ کو خفیہ اطلاع پر بلدیہ ٹائون کے علاقے مرشد اسپتال کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے ایجنٹ محمد عارف کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ہینڈگرنیڈ اور ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ہے۔ایس ایس پی نویدنثار خواجہ نے بتایاکہ گرفتارملزم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث رہاہے اور ملزم نے دوران تفتیش اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ ہندوستان جاکر وہاں کے مختلف شہروں میں بھارتی فوج کے کیمپوں اور ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کرتا رہا ہے۔ملزم نے وہیں پربم بنانے اور مختلف اقسام کے ہتھیار چلانے کی تربیت حاصل کی۔پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق ایک سیاسی تنظیم سے ہے اور یہ واٹر بورڈ کا ملازم بھی ہے ،پولیس نے مقدمات کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔جبکہ نوید نثار خواجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کورنگی نمبر پانچ میں پولیس پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد پانچ ملزمان عمر بیگ عرف فرحان عرف چشمو، معراج ، افضل ، ولید اور زبیر عرف نواب کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پانچ ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رقم کے عوض چند روزقبل کورنگی کے علاقے میں علی ہارڈویئر کی دکان پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کیا تھا اس کے علاوہ گرفتار ملزمان نے ملیر ، نیوکراچی ، سرجانی ٹائون اور کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ اسپیشلائز انویسٹی گیشن پولیس نے ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ریلوے پولیس کے اہلکار سے چھینی گئی سرکاری ایس ایم جی برآمد کرلی، گرفتار ملزم نے کچھ ماہ قبل ریلوے پولیس اہلکار سے ایس ایم جی چھینی تھی ، گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

جہانگیر روڈ پر بلوچ پاڑہ میں آپریشن، گھر گھر تلاشی،25 افراد گرفتار
زیر حراست میں جرائم پیشہ افراد شامل، اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل، سامان برآمد، پولیس ذرائع
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے جمشید کوارٹر پولیس نے اضافی پولیس نفری کے ہمراہ جہانگیر روڈ پر واقع بلوچ پاڑہ اور اطراف کی آبادیوں کو گھیرے میں لے کر داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کردیا اور کسی بھی شخص کو علاقے کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی‘ پولیس نے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ زیر حراست افراد میں جرائم پیشہ افراد بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ‘ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان تحویل میں لیا گیا ہے۔

 

Tags: