شہر کے تمام اضلاع میں مچھر مار اسپرے کرنے کی ہدایت

October 29, 2015 3:41 pm0 commentsViews: 115

ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے مہم میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی
کراچی (سٹی رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے شہر کے تمام اضلاع میں مچھر مار اسپرے کیا جائے اور جن جگہوں پر اسپرے گاڑیوں کا جانا مشکل ہے وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس خطرناک وائرس سے تحفظ مہیا کیا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے چلائی جانے والی اسپرے مہم میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ میونسپل سروسز شہر کے تمام اضلاع بشمول ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی حدود میں ملیریا اور ڈینگی فیور کنٹرول پروگرام کے تحت 30؍اکتوبر سے مچھر اور جراثیم کش اسپرے مہم کا نواں مرحلہ شروع کررہا ہے جو 20 نومبر تک جاری رہے گا، اسپرے شیڈول کے مطابق ضلع جنوبی میں 30؍اکتوبر کو صدر،31؍اکتوبر کو لیاری،ضلع غربی میں2؍ نومبر کوبلدیہ ٹائون، 3؍ نومبر کو کیماڑی، 4؍ نومبر کو اورنگی ٹائون،5؍ نومبر کو سائٹ، ضلع شرقی میں 6؍ نومبر کو جمشید ٹائون اور 7؍ نومبر گلشن اقبال میں، ضلع وسطی میں10؍ نومبر کو نیوکراچی، 11؍ نومبر کو نارتھ ناظم آباد،12؍ نومبر گلبرگ،13؍ نومبر کو لیاقت آباد، ضلع کورنگی میں 14؍ نومبر کو کورنگی، 16؍ نومبر کو لانڈھی، 17؍ نومبر کو شاہ فیصل، ضلع ملیر میں18؍ نومبر کوملیر، 19؍ نومبر کو بن قاسم ٹائون جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل میں20؍ نومبر کو گڈاپ ٹائون میں اسپرے مہم انجام دی جائے گی۔

پانی کی لائنوں میں لیکج کو فوری بند کرنے کی ہدایت
ڈینگی مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے رسائو کی جگہ پر جمع پانی صاف کیا جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ
کراچی(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیرِ بلدیات و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سیّد ناصر حسین شاہ نے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروںکو مؤثر اور جامع اقدامات کرنے کی ہدایت ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز، تمام زونل چیف انجینئرز، چیف انجینئر الیکٹریکل اینڈ مکینکل خاص طور پر چیف انجینئر بلک اور متعلقہ افسران کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ہائی الرٹ کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے ضروری اور مؤثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں تا کہ شہریوں کو ڈینگی وائرس سے بچایا جا سکے انہوں نے تمام ضلعی چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرزہدایات دی ہیں کہ اپنے متعلقہ ضلع میں فراہمی ونکاسی آب کی مین ٹرنک لائنوں ، پمپنگ اسٹیشنز ، ریزروائرز اور واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات کی مانیٹرنگ کریں اور جہاں کہیں بھی فراہمی آب کی لائنوں میں لیکجز ہوں تو وقت ضائع کئے بغیر ان کی فوری مرمت کروائیں اور رساؤ کی جگہ سے کھڑے ہونے والے پانی کو فوری طور پر بلا تاخیر صاف کرایا جائے تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے۔

Tags: