سندھ اور پنجاب کے 20اضلاع میں کل بلدیاتی انتخابات ہونگے،عام تعطیل کا اعلان

October 30, 2015 2:20 pm0 commentsViews: 39

تمام اضلاع میں دفعہ144 نافذ اور سیکورٹی فوج کے حوالے ہوگئی، ڈھائی کروڑ ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے
سندھ میں پیپلزپارٹی اور 10جماعتی اتحاد کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع، پنجاب میں 3551 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار
لاہور/کراچی / اسلام آباد( خبر ایجنسیاں) پنجاب اور سندھ کے20 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تیاری مکمل، ڈھائی کروڑ ووٹر کل اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ کئی روز سے جاری انتخابی مہم ختم، الیکشن والے حلقوں میں ہفتہ کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پنجاب کے12 اور سندھ کے 8اضلاع میں کل ( ہفتہ کو) ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں سیکورٹی کا فول پروف پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کے اضلاع میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ 31 اکتوبر کو سیکورٹی فوج کے سپرد ہوگی۔ پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز جوان بھی تعینات رہیں گے۔ تمام اضلاع میں دفعہ144نافذ ہوگی۔ پنجاب کے جن اضلاع میںپولنگ ہوگی ان میں لاہور، فیصل آباد، گجرات، چکوال، بھکر ، ننکانہ صاحب، قصور، پاکپتن، اوکاڑہ، لودھراں، وہاڑی، اور بہاولنگر شامل ہیں۔ جبکہ سندھ کے8 اضلاع سکھر ، خیر پور، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد، کشمور اور قمبر شہداد کوٹ میں پولنگ ہوگی۔ اضلاع میں2 کروڑ 47 لاکھ سے زائد ووٹر 33 ہزار794امیدواروں میں سے4 سال کے لئے اپنے بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ پنجاب میں3551 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ8300 حساس قرار دئیے گئے ہیں ۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف جبکہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور 10 جماعتی اتحاد کے درمیان بلدیاتی انتخابات میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور انتخابی عملہ کے غیر جانبدار رہنے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں خدمات سر انجام دینے والے عملہ کو خصوصی ویڈیو ٹریننگ دی گئی ہے۔

Tags: