کراچی سے ایرانی بندرگاہ تک فیری سروس شروع کرنے کا اعلان

October 30, 2015 2:20 pm0 commentsViews: 23

فیری سروس کیلئے2 بحری جہاز مختص، جلد آپریشن شروع کیا جائے گا، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ
بحری جہاز250 سے400 مسافروں کو لیکر14 گھنٹے میں ایرانی بندرگاہ چار بہار پہنچے گا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ کراچی سے ایرانی بندر گاہ چاہ بہار اور کراچی سے اورماڑہ تک فیری سروس آپریشن جلد شروع کیاجائے گا۔ اس مقصد کیلئے2 مسافر بحری جہاز مختص کر دئیے گئے ہیں۔ اس بات کا اعلان انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کیا کامران مائیکل نے بتایا کہ یہ فیری سروس زائرین کے سفری اخراجات میں کمی کے ساتھ زمینی سفر کا محفوظ متبادل فراہم کرے گی۔ تقریباً 250 سے 400 مسافروں کی گنجائش والے یہ جہاز 30-28 ناٹ فی گھنٹے کی رفتار سے ایران کی بندر گاہ چاہ بہار14 گھنٹے کی مسافت پر پہنچ جایا کریں گے۔ وفاقی وزیر نے سرکاری طور پر اعلان کیا کہ زائرین کیلئے یہ مسافر بردار فیری سروس مکران فیری سروس کمپنی کے نام سے کام کرے گی مذکورہ فیری سروس کراچی سے گوادر تک اضافی طور پر مال برداری کا کام کرے گی تجاویز اور سفارشات کو دوران اجلاس اس فیصلے کے ساتھ شامل کر لیا گیا کہ مکران فیری سروس کمپنی لمیٹڈ بین الوزارتی اجلاس کی پالیسی منظوری سے مشروط ہوگی جو اسلام آباد میں وفاقی وزیر بندرگاہ جہاز رانی کی کنوینر شپ میں منعقد ہوگا۔

Tags: