تحریک انصاف کراچی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، علی زیدی

October 30, 2015 2:43 pm0 commentsViews: 17

جلد اتحادی جماعتوں سے مل کر کراچی پیکیج کا اعلان کریں گے، پریس کانفرنس سے خطاب
دانیال عزیز نے دھمکیاں دی ہیں، آج درخشاں تھانے میں ایف آئی آر درج کرائیں گے، عمران اسماعیل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کراچی کے عہدیداروں کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، ایسی افواہیں اور خبریں ایک سازش کے تحت اڑائی جا رہی ہیں اور جو پارٹی رہنما نظر نہیں آرہے ہیں وہ یا تو بیرون ملک گئے ہوئے ہیں یا وہ مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عمران اسماعیل، خرم شیر زمان، دوا خان صابر و دیگر بھی موجود تھے، علی زیدی نے کہا کہ تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی ہے۔ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء پاکستان ہماری اتحادی جماعتوں میں شامل ہیں آئندہ ایک دو روز میں ہم اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ اور اس میں کراچی پیکج کا اعلان کریں گے۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے انہیں دھمکیاں دی تھیں اس پر انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی تھی لیکن درج نہیں ہوئی جس پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا اور اب عدالت کے حکم پر وہ کل ( جمعہ) کی شام درخشاں تھانے میں دانیال عزیز کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔