نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی85 پیسے سستی کر دی، کم پیداوار پر برہمی

October 30, 2015 2:51 pm0 commentsViews: 22

کے الیکٹرک کو فراہم کی جانے والی سستی بجلی کا خمیازہ پورا پاکستان بھگت رہا ہے، چیئرمین نیپرا
اگست میں کے الیکٹرک نے اپنے پاور پلانٹس71 فیصد استعمال کیے اور این ٹی ڈی سے96 فیصد بجلی حاصل کی
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی85 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی‘ نیپرا نے مطلوبہ صلاحیت سے کم بجلی پیدا کرنے پرشدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک منافع کمانے سستی بجلی حاصل کررہی ہے‘ کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی کی سربراہی میں ہوئی‘ سماعت کے دوران اگست کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی85 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی گئی‘ کے الیکٹرک نے آگاہ کیاکہ اگست میں بجلی کی پیداوار پر ایک ارب 31 کروڑ55لاکھ روپے فیول لاگت میں کمی ہوئی‘ کے الیکٹرک نے اگست میں ایک ارب54کروڑ19لاکھ یونٹ بجلی فروخت کی‘ سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگست میں کے الیکٹرک نے اپنے پاور پلانٹس71 فیصد استعمال کئے‘ جبکہ این ٹی ڈی سی سے بجلی96 فیصد حاصل کی‘ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک کو فراہم کی جانیوالی سستی بجلی کا خمیازہ پورا پاکستان بھگت رہا ہے‘ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر عوام بھارت کے رہنے والے نہیں کہ کے الیکٹرک ان کیلئے قیمت پر سستی بجلی حاصل کرے‘ کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی سے650 میگاواٹ غیر قانونی طور پر خرید رہی ہے‘ ممبر نیپرا سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک منافع کمانے کیلئے کراچی میں لوڈشیڈنگ کررہی ہے‘ کے الیکٹرک کے حکام نے جواب دیا کہ نیپرا کو اس معاملے میں ہدایت کرنے کا اختیار نہیں‘ جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ لگتا ہے آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں‘ آپ کیسے یہ بات کررہے ہیں‘ نیپرا نے کے الیکٹرک کو غیر قانونی طور پر بجلی خریدنے پر نوٹس جاری کیا ہے‘ آپ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے۔

Tags: