پشاور میں بلاول کی اسپتال آمد لواحقین کو روکے جانے پر ’’گو بلاول گو‘‘ کے نعرے

October 30, 2015 2:54 pm0 commentsViews: 28

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زلزلہ متاثرین کی عیادت کے موقع پر مریضوں کے رشتے داروں کو باہر نکال دیا گیا
اسپتال کے باہر احتجاج،نعروں کے جواب میں جیالوں نے بھی نعرے بازی شروع کردی، صورتحال میں کشیدگی، پولیس نے صورتحال پر قابوپالیا
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں بلاول بھٹو کی لیڈی ریڈنگ اسپتال آمد پر لواحقین کو اندر جانے سے روک دیا گیا‘ لواحقین کا احتجاج ‘ گو بلاول گو کے نعرے لگ گئے‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی پشاور میں لیڈی ریڈنگ اسپتال آمد پر مریضوں کے لواحقین کا داخلہ بند کردیا گیا‘ مریضوں کے لواحقین نے اسپتال میں جانے سے روکنے پر بلاول بھٹو زرداری کیخلاف نعرے بازی شروع کردی‘ گو بلاول گو کے نعرے لگ گئے‘ لواحقین کی جانب سے نعروں کے جواب میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بھی جوابی نعروں میں زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دورہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے لئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو بھی ان سے ملاقات سے روک دیا گیا‘ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بلاول بھٹو اور قائم علی شاہ کی آمد سے قبل ہی سادہ کپڑوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی‘ اسپتال عملے کو بھی ان کی آمد کے باعث وارڈز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

بلاول بھٹو کی جانب سے زلزلہ زدگان
کے لئے امدادی سامان روانہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز کے چیئر مین بلاول بھٹو کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے امدادی سامان میں خیمے اور سردی سے بچائو کیلئے اشیاء شامل ہیں جمعرات کو دو ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان بلاول چورنگی سے روانہ کیا گیا ۔ امدادی سامان پیپلز پارٹی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی و دیگر نے روانہ کیا۔ دریں اثناء متاثرین زلزلہ کی امداد کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں امدادی کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں عوام بڑی تعداد میں متاثرین کیلئے امدادی اشیاء جمع کرا رہے ہیں جو کہ جلد زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی جائیں گی۔

Tags: