ڈینگی نے جناح اسپتال کے وارڈ بوائے کی جان لے لی

October 30, 2015 3:00 pm0 commentsViews: 25

شہر میں رواں سال ڈینگی سے اموات کی تعداد8 ہو گئی، اکتوبر کے دوران تیسری ہلاکت سامنے آگئی
نجی و سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرین کے3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ڈینگی مچھروں کی بڑھتی ہوئی افزائش ایک اور شہری کی موت کا باعث بن گئی۔ جناح اسپتال کا وارڈ بوائے ڈینگی وائرس کی وجہ سے دم توڑ گیا۔ شہر میں رواں برس ڈینگی بخار سے اموات کی تعداد8 ہوگئی ہے صرف اکتوبر کے مہینے میں ڈینگی سے تیسری ہلاکت سامنے آئی ہے جبکہ مختلف نجی و سرکاری اسپتالوں میں3 ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے بلا تعطل جراثیم کش اسپرے مہم نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی بخار سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جمعرات کو جناح اسپتال انتظامیہ نے وارڈ بوائے کی موت کی تصدیق کر دی ہے، متوفی کی شناخت تصور حسین کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر41 سال بتائی گئی ہے۔ متوفی کالا پل کا رہائشی تھا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تصور حسین کو بدھ کے روز اسپتال میں ڈینگی بخار کے باعث داخل کیا گیا تھا۔ ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی نے بتایا کہ متوفی طویل عرصے سے اسپتال میں وارڈ بوائے تھا اس کی ڈیوٹی کینسر وارڈ میں تھی۔

Tags: