ن لیگ پنجاب کی ایم کیو ایم بن گئی پولنگ اسٹیشنوں میں فوج تعینات کی جائے، عمران خان

October 30, 2015 3:05 pm0 commentsViews: 26

پولیس نے تحریک انصاف کے 2 کارکنوں کے قاتل گرفتار نہیں کیے تو آئی جی کے دفتر کا گھیرائو کریں گے
نوازشریف اور زرداری سب سے بڑی ڈاکو ہیں،مولانا فضل الرحمن اور اسفند یار ولی جیسے لوگوں نے اپنی یونین بنا رکھی ہے
لاہور( نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب کی ایم کیو ایم بن چکی ہے۔ پولیس آئین و قانون پر نہیں( ن) لیگی ارکان اسمبلی کی مرضی پر چل رہی ہے۔ پولیس نے تحریک انصاف کے کارکن خرم شہزاد اور عارف کے قاتل گرفتار نہ کئے تو آئی جی کے دفتر کا گھیرائو کریں گے۔ چور اور ڈاکو کو سیاست دانوں نے اپنی یونین بنا رکھا ہے۔ احتساب کی بات کی جائے تو جمہوریت کو خطرہ کا بہانہ بنا کر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ جسٹس ( ر) ریاض کیانی جیسے لوگوں کی موجودگی میں شفاف بلدیاتی انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اس لئے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے۔ وہ جمعرات کے روز لاہور آمد کے بعد چیئر مین سیکریٹریٹ میں پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور، لاہور کے صدر شفقت محمد، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید ، عبدالعلیم خان، شعیب صدیقی اور عمر سر فراز چیمہ سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس اور چند روز پہلے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے2 کارکنوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں اور مولانا فضل الرحمن اور اسفند یار ولی جیسے لوگوں نے مل کر اپنی یونین بنا لی ہے اور خیبر پختونخوا میں جب اے این پی کے ایک سینیٹر سے نیب نے پوچھ گچھ کرنا شروع کی تو سب سے بڑے ڈاکو آصف زرداری نے لندن سے شور مچانا شروع کر دیا اور مولانا فضل الرحمن نے بھی اس کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دے دیا۔ ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ جمہوریت کا نام ہی احتساب ہے۔

Tags: