پنجاب اور سندھ میں الیکشن کمیشن کے دفاتر آج کھلے رہیں گے

October 31, 2015 5:57 pm0 commentsViews: 23

اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے دفاتر آج کھلے رہیں گے‘ الیکشن کمیشن کے مطابق ہفتے کو الیکشن کمیشن اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور سندھ کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔

میڈیا کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج نشر کرنیکی مشروط اجازت
میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد پریذائیڈنگ افسر کے فارم14 کی بنیاد پر نتائج نشر کر سکتا ہے
لاہور( نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان نے میڈیا کو بلدیاتی الیکشن کے نتائج نشر کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد پریذائیڈنگ افسر فارم14 کی بنیاد پر نتائج نشر کرسکتا ہے‘ درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی درخواستوں پر ان کے وکلاء نے غیر حتمی نتائج نشر کرنے پر الیکشن کمیشن کی طرف سے عائد پابندی کو چیلنج کیا تھا‘ ان کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج میڈیا پر قبل از وقت جاری کرنے کی پابندی لگا رکھی ہے جو آئین کے آرٹیکل19 اے کی خلاف ورزی ہے ‘ دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے سے قبل ہی نتائج جاری کرنا شروع کردیتا ہے لیکن بعد میں متعدد وٹ مسترد ہونے سے رزلٹ تبدیل ہوجاتا ہے‘ اس پابندی کا مقصد یہ تھا کہ امید وار میں تصادم نہ ہو‘ جسٹس فرخ عرفان نے میڈیا کو مشروط اجازت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن یکدم میڈیا پر قدغن نہ لگائے‘ عدالتی حکم عوام کی معلومات تک رسائی کیلئے دیا جارہا ہے‘ عوام کو جاننے کا حق ہے جو چھینا نہیں جاسکتا۔

بلدیاتی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف انٹیلی جنس بڑھائی جائے، آئی جی سندھ
کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ہونیوالے ایک اجلاس میں صوبہ سندھ کے بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں قائم کردہ پولنگ اسٹیشنوں کے لئے پولیس سیکیورٹی اقدامات اور ڈپلائمنٹ کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے مزید ضروری احکامات دیئے گئے۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ بلدیاتی الیکشن کے ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر نا صرف ہر سطح پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے بلکہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بھی اس امر کا پابند بنایا جائے۔تاکہ شفاف اور محفوظ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حالات پر کنٹرول،الیکشن میں شریک امیدواران،ووٹرز سمیت دیگر شہریوں کی جان ومال کی سلامتی کے ضمن میں پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف میں انٹیلی جینس کو بڑھایا جائے‘انہوں نے ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کیں کہ پولنگ اسٹیشنوں سمیت مختلف علاقوں میں سیکورٹی فرائض پر مامور کئے گئے پولیس اہلکاروں کو عارضی قیام کے ساتھ ساتھ کھانے وغیرہ کی سہولت کے لئے بھی تمام تر اقدامات کئے جائیں۔

سندھ میں بلدیاتی الیکشن پر کڑی نظر
رکھی جائے‘ صوبائی وزیر داخلہ کی ہدایت
کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکھر‘ خیر پور‘ گھوٹکی‘ لاڑکانہ‘ شکار پور‘ کشمور‘ کندھ کوٹ‘ جیکب آباد وار قمبر شہداد کوٹ سمیت دیگر اہم علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے اور امن و امان پھر صورت میں قائم کیا جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور مانیٹرنگ سینٹرز سے تمام تر صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے‘ ان کا مزید کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرایا جائے۔