گڈاپ ٹائون میں گھروں کو مسمار کرنے کیخلاف مکینوں کا احتجاج

October 31, 2015 6:00 pm0 commentsViews: 24

وزیراعلیٰ سندھ اور بلاول بھٹو ہمارے گوٹھوں کو مسمار ہونے سے بچائیں، مظاہرین کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے گڈاپ ٹائون میں واقع سومار گوٹھ کے رہائشیوں نے مکانات مسمار کرنے کیخلاف جمعہ کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا‘ مظاہرے کی قیادت یوسف مگسی اور شاہنواز بلوچ کررہے تھے‘ مظاہرے میں مکینوں کی بڑی تعداد شریک تھی‘ جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ پیپلز پارٹی کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگارہے تھے‘ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دو ماہ قبل محکمہ ریونیو کی جانب سے ہمارے گوٹھ میں100 سے زائد مکانات مسمار کردیئے گئے اور مزید گھروں کو مسمار کرنے کیلئے ہمیں مکانات خالی کرنے پر دبائو ڈالا جارہا ہے‘ اگر دوبارہ کارروائی کی گئی تو مزید سینکڑوں افراد بے گھر ہوجائیں گے‘ مظاہرین نے کہا کہ گوٹھ میں رہنے والے زیادہ تر خاندان سانحہ18 اکتوبر اور سیلاب متاثرین ہیں‘ تمام مکینوں نے اپنے گھروں کے چالان جمع کروائے ہیں‘ مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ ہمارے گوٹھوں کو مسمار کرنے سے روکا جائے اور ہمارے مالکانہ حقوق کا تحفظ کیا جائے۔