پیپلز پارٹی حیدر آباد کے ضلعی صدر کیخلاف مظاہرہ

October 31, 2015 6:01 pm0 commentsViews: 27

بلدیاتی الیکشن میں وڈیروں کو ٹکٹ اور جیالوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، مظاہرین
کراچی( اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان نے پیپلز پارٹی کے ضلعی صد رکے خلاف جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ مظاہرے میں شریک خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے‘ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلقہ ہٹری میں ضلعی صدر پیر امجد شاہ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے بااثر وڈیروں کو انتخابی ٹکٹ دیئے جارہے ہیں اس اقدام سے پارٹی کے حقیقی کارکنوں کی حق تلفی ہورہی ہے‘ سراپا احتجاج خواتین نے کہا کہ ہمارے خاندان نے پارٹی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں‘ ایم آر ڈی کی تحریک میں جیلیں کاٹی ہیں‘ گزشتہ کئی سالوں سے ضلع کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا اور بلدیاتی انتخابات میں پارٹی جیالوں اور حقیقی کارکنوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے‘ مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ حیدر آباد اور اس کے اضلاع میں پارٹی کارکنان کے ساتھ ہونیوالی نا انصافیوں کا نوٹس لیں اور پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے جیالے کارکنان کو انتخابی ٹکٹ کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔