ٹریفک حادثات کے دوران آئی بی کے افسر سمیت 5 افراد ہلاک ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

October 31, 2015 6:03 pm0 commentsViews: 25

فریئر کے علاقے میں تیز رفتار بس بے قابو ہو کر گاڑیوں میں گھس گئی، حادثے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک دم توڑٖ گیا
گلشن معمار میں ٹرالر مخالف سمت سے آنے والے وہیلر ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے باعث 3 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے میں دیگر 3افراد زخمی
کراچی(کرائم رپورٹر)فرئیر کے علاقے ریس کورس میں تیز رفتار بس گاڑیوں میں گھس گئی جس کے نتیجے میں انٹیلی جنس بیورو کا افسر جاں بحق او انسپکٹرسمیت5افراد زخمی ہوگئے ۔جبکہ دیگر ٹریفک واقعات میں چارافراد جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق فرئیر کے علاقے خالد زمان روڈ سیلانی سینٹر کے قریب تیز رفتار روٹ 20 کی بس نمبر RIJ-903 ڈبل کیبن جیپ نمبر AJC-903 ، کار نمبرLD-985 A، اور دو موٹر سائیکلیں KBR-0314, KDU-3755 میں گھس گئی ،جس کے نتیجے میں چھ سے زائد افرد زخمی ہوگئے ،قریب کھڑے افراد نے بس ڈرائیور شاہد کو پکڑ لیا ،جبکہ زخمیوںکو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں انٹیلی جنس بیورو کا اے ایس آئی وسیم ارشد ززخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا ،جبکہ انٹیلی جنس بیورو کا انسپکٹر محمد علی،راہگیر اعظم سمیت پانچ افراد کواسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔گلشن معمار کے علاقے ناردن بائی پاس افغان کیمپ کے قریب تیز رفتار ٹرالر نمبر TLC-983 اور مخالف سمیت سے آنے والے 10 وہیلر ٹرک نمبر LSC-937 میںٹکرہوگئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 5زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثے میں ٹرالر ڈرائیور گل نواز اور کلینر وسیم شدید زخمی ہوگے جبکہ ٹرک ڈرائیورناظم حسین معمولی زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تین میں سے دو افراد کی شناخت 23سالہ سحر دین ولد نیاز مہمند اور 18سالہ سلطان محمود ولد خانزادہ کے نام سے ہوگئی ۔

نیو کراچی میں معمر خاتون کی لاش برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)نیوکراچی میں فٹ پاتھ سے ضعیف العمر خاتون کی لاش ملی ۔پولیس نے حادثہ قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے سلیم سینٹرنزد صنوبر کاٹیج کے قریب فٹ پاتھ سے 70 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او محمد علی نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ ایم ایل او کے مطابق خاتون کو کسی گاڑی نے کچلا ہے ۔

لوگوں کو دگنی رقم کا جھانسہ دیکر لوٹنے والا ڈبل شاہ ہلاک
عارضہ قلب کے باعث پی آئی سی میں زیر علاج تھا، سبط حسن عرف ڈبل شاہ کی موت کی اطلاع فون پر دی گئی
نیب سے ڈیل کے بعد لاہور منتقل ہو کرگمنام زندگی گزار رہا تھا، کئی افراد کو امیر کئی کو غریب کیا
لاہور( نیوز ڈیسک) رقم ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر سینکڑوں افراد کو امیر اور ہزاروں کو غریب کرنے والا سید سبط الحسن عرف ڈبل شاہ لاہور میں پر اسرار طور پر ہلاک ہوگیا‘ خاندانی ذرائع کے مطابق سید سبط الحسن گزشتہ ایک ہفتے سے کسی کے رابطے میں نہیں تھا اور گزشتہ روز رات گئے نامعلوم شخص نے ٹیلی فون کرکے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ ڈبل شاہ عارضہ قلب کے باعث پی آئی سی میں زیر علاج تھا اور ہارٹ اٹیک کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ہے‘ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب سے ڈیل کے بعد وہ وزیر آباد سے مستقل طور پر لاہور منتقل ہوگئے تھے اور انہیں 6 سے 7مرتبہ اغواء کیا گیا تھا اور یہی خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا اب بھی انہیں گرفتار ہی کیا گیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کی اطلاع آئی‘ ان کی تدفین وزیر آباد کے گائوں کالو کی میں کی جائیگی‘ واضح رہے کہ اربوں روپے کے لین دین میں ملوث ڈبل شاہ نے بینکنگ کا متوازی نظام بنا رکھاتھا۔

جناح برج پر گاڑی کی ٹکر
سے ایک شخص ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) ڈاکس کے علاقے جناح برج کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیںہوسکی جبکہ زخمی کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی ہے جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر جھاڑیوں
میں آگ لگ گئی
کراچی(کرائم رپورٹر)یونیورسٹی روڈ پر قائم جھاڑیوں پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی روڈ نزد فاطمہ کنیز سوسائٹی سے متصل خالی پلاٹوں میں قائم جھاڑیوں میں خوفناک آگ لگ گئی ،اس اطلاع پر فائر بریگیڈ کی تین فائر ٹینڈر اور ایک بائوز نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ،فائر بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تیز ہوائوں کے باعث آگ نے شدت اختیار کرلی تھی تاہم فائر فائٹروں نے آگ پر قابو پالیا ،آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری بیوی کو جان سے مارنے کی
دھمکی‘ محنت کش نے پولیس کو رپورٹ کردی
کراچی(کرائم رپورٹر)کورنگی کے رہائشی محنت کش نے دوسری اہلیہ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی کی رپورٹ پولیس کوکردی ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے میں کورنگی ڈھائی کے رہائشی محنت کش عبدالرحیم ولد محمد حسین نے درخواست جمع کروائی ہے کہ میری دوسری اہلیہ ریتو مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہی ہے،پندرہ روز قبل ریتو بی بی گھر سے طلائی زیورات اور نقدی لیکر بھاگ گئی اور مجھے دھمکی دی ہے کہ پہلی بیوی کو طلاق دو اگر تم طلاق نہیں دو گے تو جان سے مروادونگی ،اس فون کے بعد تین سے چار لڑکوں نے مجھے روک کر جان سے مارنے کی دھمکی دی‘ پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔