ٹیکسیوں میں میٹر نہ لگانا جرم؟ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے گرفتار ہونگے

October 31, 2015 6:05 pm0 commentsViews: 64

ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر سے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس میں ٹیکسیوں میں میٹر چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے گا
لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، جعلی لائسنس رکھنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس 2 نومبر سے خصوصی مہم کے دوران ٹیکسیوں میں میٹر اور ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ کا عمل شروع کررہی ہے اور اس حوالے سے تمام اقدامات کرلئے گئے ہیں‘تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر کو خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس میں ٹیکسیوں میں میٹر کی چیکنگ کا عمل شروع کیا جائیگا اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘ ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیکسیوں میں میٹر کی چیکنگ کا عمل ابھی شروع نہیں کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ اس سے قبل بھی جاری تھاتاہم خصوصی مہم کے دوران ٹریفک پولیس کی تمام توجہ ٹیکسیوں پر مرکوز ہوگی کہ ان میں میٹر نصب ہیں یا نہیں ‘اس حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں15 مقامات پر ڈی ایس پی کی نگرانی میں ٹریفک افسران و اہلکار اس خصوصی مہم میں چیکنگ کا عمل جاری رکھیں گے‘ ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر کو بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف بھی بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور انہیں قانونی کارروائی کے بعد جیل بھی بھیج دیا‘ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق خصوصی مہم کے دوران ٹریفک پولیس موقع پر ہی ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کریگی اور جعلی ہونے کی صورت میں بھی ڈرائیور کو جیل کی ہوا کھانا پڑیگی‘ اس سے قبل بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر صرف چالان کیا جاتا تھا‘ تاہم اب ڈرائیور کو سزا بھی بھگتنا پڑیگی۔

Tags: