بلدیاتی انتخابات عمران خان پارٹی شکست پر برہم‘ بعض رہنمائوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

November 2, 2015 2:59 pm0 commentsViews: 29

چوہدری سرور سے جواب طلب‘ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 5 نومبر کو طلب‘ پی ٹی آئی لاہور کے آرگنائزر مستعفی
انتخابی نتائج سے تحریک انصاف کی صفوں میں بے چینی‘ عمران خان نے فیصلہ سازی کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کرلیا
لاہور،اسلام آباد( این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے خصوصاً پنجاب اور لاہور کے نتائج کے بعد فیصلہ سازی کے تمام معاملات کو براہ راست اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان نے پارٹی شکست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف آرگنائزر پنجا ب چوہدری سرور سے جواب طلب کر لیا جبکہ پارٹی کی بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لاہور پی ٹی آئی کے آرگنائزر شفقت محمود نے استعفیٰ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شکست پر پارٹی کے بعض رہنمائوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب خصوصاً لاہور سے اپنے حق میں نتائج کی امیدیں لگائے بیٹھی تھی تاہم غیر سرکاری نتائج نے پی ٹی آئی کی صفوں میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے۔ نتائج یقیناً عمران خان کیلئے بھی پریشانی کا باعث ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آنے والے دنوں میں اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے بعض ذمہ دار عہدیداروں کی طرف سے زمینی حقائق کے برعکس فیصلوں کی شکایات پر فیصلہ سازی کے تمام معاملات کو براہ راست اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خصوصاً بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مراحل کیلئے عمران خان خود متحرک ہوں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسی تناظر میں پارٹی میں بعض رہنمائوں کی ذمہ داریوں میں تبدیلی بھی کی جائے گی جس کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے عمران خان نے انتخابی نتائج پر غور کیلئے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 5 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پارلیمانی رہنما اپنے اپنے علاقوں کے بارے میں آگاہ کرینگے۔ اجلاس میں عمران خان کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ حکومتی مشینری بلدیاتی الیکشن پر کس حد تک اثر انداز ہوئی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کی شکست پر پنجاب کے رہنمائوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری سرور کو چار دن میں شکست کے اسباب سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم کی وجہ اور بلدیاتی انتخابی مہم بھی اس طریقے سے نہیں چلائی گئی جس جوش و جذبے سے چلائی جانی چاہئے تھی۔ ذرائع کے مطابق شکست کی وجہ بننے والے رہنمائوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Tags: