بلدیاتی الیکشن: سندھ میں پیپلز پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کرلی

November 2, 2015 3:01 pm0 commentsViews: 30

سندھ کی ایک ہزار 70 نشستوں میں سے 829 کے غیر سرکاری نتائج آچکے ہیں پیپلز پارٹی 596 نشستیں جیت چکی ہے
پنجاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار سب سے زیادہ کامیاب ہوئے ہیں دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے 81 فیصد نشستیں لے کر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ اور سندھ کے 20 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا تاہم پہلے مرحلے کے انتخابات میں دونوں صوبوں کی حکمران جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ہی آگے ہیں۔ سندھ کی ایک ہزار70 نشستوں میں سے829 غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں۔ جس کے تحت پیپلز پارٹی نے596 سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل نے61 سیٹیں اپنے نام کی ہیں جبکہ147 آزاد امیدیوار کامیاب ہوئے۔ جے یو آئی ( ف) 11، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے4,4 جبکہ مسلم لیگ (ن) کے حصے میں صرف2نشستیں ہی آسکیں۔ سکھر میں پیپلز پارٹی 63 سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے آبائی علاقے خیر پور کی 291 میں سے140 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں۔ جس کے تحت پیپلز پارٹی 85، مسلم لیگ (فنکشنل)45 ، اور9 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ کی113میں سے74 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 63 اور8 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن نے 18 میں سے 13نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکی۔ فیصل آباد میں148 آزاد امیدوار جیت گئے۔ پنجاب کے صوبائی دار الحکومت لاہور سے لودھراں تک12 اضلاع میں مسلم لیگ ن کے شیر دھاڑے اور سب کو خاموش کر دیا ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 696 نشستوں میں سے 2 ہزار 326 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔ جس کے تحت مسلم لیگ ن ایک ہزار 49 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے ہے جبکہ دوسرا نمبر آزاد امیدواروں کا ہے جنہوں نے 912 نشستوں پر اپنا قبضہ جما لیا ہے تحریک انصاف 251، مسلم لیگ ق 44 اور پیپلز پارٹی 42 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے اس کے علاوہ جماعت اسلامی اور عوامی تحریک 2,2 نشستیں ہی حاصل کر سکی۔

Tags: