جعفر ایکسپریس پر بم حملہ، 4 افراد ہلاک،12 زخمی

November 2, 2015 3:18 pm0 commentsViews: 42

دھماکہ دشت کے قریب ریلوے ٹریک پر ہوا، ریموٹ کنٹرول بم نصب تھا ، دھماکے سے ٹرین کی پہلی بوگی تباہ
تخریب کاروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن، وزیر ریلوے کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت، ملزمان کی گرفتاری کا حکم
مستونگ ( مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ سے راولپنڈی جانیوالی جعفر ایکسپریس پر حملہ، 4 افراد ہلاک12 زخمی تفصیلات کے مطابق دشت کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے4 مسافر جاں بحق اور12 افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ لیویز ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک پر ریمورٹ کنٹرول بم نصب کیا ہوا تھا۔ جیسے ہی کوئٹہ سے صبح9 بجے راولپنڈی روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس وہاں سے گزرنے لگی دہشت گردوں نے ریمورٹ کنٹرول سے دھماکہ کر دیا جس سے پہلی بوگی کو نقصان پہنچا۔ جبکہ دھماکے نے ریلوے ٹریک کو بھی متاثر کیا۔ امدادی ٹیمیں موقعہ پر پہنچ گئیں۔ دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فوری طور پر کسی بھی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کو دو گھنٹے میں مرمت کرکے بحال کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جعفر ایکسپریس بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

Tags: